ایودھیا میں مندر تعمیر کے لئے بل لائیں گے: کیشو پرساد

بی جے پی ایودھیا میں رام مندر تعمیر کے لئے پُرعزم ہے، اگر کوئی متبادل نہیں بچے گا تو پھر مرکزی حکومت اس کے لئے پارلیمنٹ میں بل لا سکتی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

جیسے جیسے عام انتخابات کا وقت نزدیک آ رہا ہے بی جے پی کو ایک بار پھر رام مندر تعمیر کے وعدے کا سہارا لینے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ بی جے پی رہنماؤں کی طرف سے اس معاملہ پر بیانات بھی منظر عام پر آنے لگے ہیں۔ ایک طرف بی جے پی کہتی ہے کہ عدالتی فیصلے کا انتظار کیا جائے گا اور دوسری طرف بی جے پی کے ہی رہنما عدالت سے جیت نہ ملنے کی صورت میں بھی مندر تعمیر کرنے کا عندیہ دیتے رہتے ہیں۔

یوگی آدتیہ ناتھ کے نائب کیشو پرساد موریہ نے کہا ہے کہ بی جے پی ایودھیا میں رام مندر تعمیر کے لئے پُر عزم ہے اور اگر کوئی متبادل نہیں بچے گا تو پھر مرکزی حکومت اس کے لئے پارلیمنٹ میں بل لا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا ’’رام مندر تعمیر کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے اور اس پر لگاتار بحث ہو رہی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ جلد ہی اس پر فیصلہ آ جائے گا‘‘۔

حالانکہ بی جے پی کے پاس پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اکثریت نہیں ہے اور اس کا رونا بھی کیشو پرساد نے رو دیا۔ پارلیمنٹ کے بالائی ایوان یعنی کہ راجیہ سبھا میں بی جے پی کی اکثریت نہ ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا ’’ابھی رام مندر تعمیر کے لئے ہم قانون نہیں لا سکتے کیوں کہ اسے راجیہ سبھا سے منظور کرانے میں دقت آئے گی۔‘‘

کیشو پرساد موریہ نے کہا ’’مرکزی حکومت رام مندر تعمیر کے تعلق سے اس وقت قانون لا سکتی ہے جب دونوں ایوانوں میں ہمارے ارکان اکثریت میں ہوں گے۔‘‘

کیشو پرساد موریہ نے مزید کہا کہ ایودھیا میں رام مندر تعمیر وشو ہنو پریشد کے گزر چکے رہنما اشوک سنگھل، رام جنم بھومی ٹرسٹ کے سابق سربراہ رام چندر داس پرم ہنس اور مارے گئے کارسیوکوں کو ہماری خراج عقیدت ہوگی۔

دراصل بی جے پی ہمیشہ کچھ ایسے ایشوز کو زندہ رکھتی ہے جو اس کے لئے انتخابات میں ووٹ حاصل کرنے کا ذریعہ ثابت ہوتے ہیں، رام مندر تعمیر بھی ان ایشوز میں سے ایک ہے۔ چناؤ نزدیک دیکھ کر بی جے پی رہنماؤں کی طرف سے مندر تعمیر کے خواب دکھانے اور ہندو ووٹوں کو اپنی طرف مائل کرنے کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ کیشو پرساد موریہ نے بھی بی جے پی کا وہی آزمایا ہوا فارمولہ استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔ وقت گزرنے پر بی جے پی کے کئی بڑے رہنما اس طرح کے بیانات دیں گے اور چھٹ بھیے نیتا( رہنما) تو ہمیشہ اس معاملہ پر منھ سے آگ اگلتے ہی رہتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔