مرکزی حکومت نے جسٹس ورما کو ہٹانے کے لیے اراکین پارلیمنٹ کا دستخط لینا شروع کیا، تحریک مواخذہ طے

پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے گزشتہ دنوں بتایا تھا کہ تحریک مواخذہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں آئے گا۔ یہ اجلاس 21 جولائی سے شروع ہو رہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>جسٹس یشونت ورما، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

جسٹس یشونت ورما، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

مرکزی حکومت نے جسٹس یشونت ورما کے خلاف تحریک مواخذہ لانے کے مقصد سے لوک سبھا اراکین کا دستخط لینا شروع کر دیا ہے۔ جسٹس ورما کے گھر سے جلی ہوئی کروڑوں روپے کی نقدی ملنے کے بعد انھیں عہدہ سے ہٹانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، کیونکہ انھوں نے بذات خود استعفیٰ دینے سے انکار کر دیا ہے۔ اب جبکہ اراکین پارلیمنٹ کا دستخط لیا جا رہا ہے، تو یہ طے ہو چکا ہے کہ پارلیمنٹ کے ذیلی ایوان میں ہی جسٹس ورما کے خلاف تحریک مواخذہ پیش کیا جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا میں تحریک مواخذہ لانے کے لیے 100 اراکین پارلیمنٹ کا دستخط ہونا ضروری ہے۔ ذرائع کے حوالے سے آ رہی خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ کئی اراکین پارلیمنٹ کے دستخط لیے جا چکے ہیں۔ اگر مواخذہ کی یہ تحریک راجیہ سبھا میں لائی جاتی ہے تو پھر 50 اراکین کے دستخط کی ہی ضرورت ہوتی ہے۔


پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے گزشتہ دنوں بتایا تھا کہ تحریک مواخذہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں آئے گا۔ یہ اجلاس 21 جولائی سے شروع ہو رہی ہے۔ انھوں نے یہ بھی مطلع کیا تھا کہ حکومت اس تجویز پر تعاون کے لیے اپوزیشن پارٹیوں سے بھی بات کر رہی ہے، کیونکہ یہ بدعنوانی سے جڑا معاملہ ہے اور اس لیے اس میں کسی طرح کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

واضح رہے کہ فی الحال الٰہ آباد ہائی کورٹ میں تعینات جسٹس ورما جب دہلی ہائی کورٹ میں تعینات تھے تو ان کی سرکاری رہائش میں لگی آگ کے دوران پولیس کو بڑی مقدار میں جلی ہوئی نقدی برآمد ہوئی تھی۔ بعد میں سپریم کورٹ کی طرف سے مقرر کمیٹی نے جانچ میں پایا تھا کہ یہ نقدی غلط طریقے سے جمع کی گئی تھی۔ اس کے بعد ہی جسٹس ورما کو واپس الٰہ آباد ہائی کورٹ بھیج دیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔