دہلی میں ہوئے تشدد کے لئے مرکزی حکومت قصوروار، امت شاہ استعفی دیں: سونیا گاندھی

سونیا گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں پر الزام لگایا کہ انہوں نے اشتعال انگیز بیان دے کر لوگوں کو مشتعل کیا اور فساد کا ماحول پیدا کیا اور اس کی سازش رچی۔

تصویر اے آئی سی سی
تصویر اے آئی سی سی
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس صدر سونیا گاندھی نے دہلی میں ہوئے تشدد کے لئے مرکزی حکومت کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے وزیر داخلہ امت شاہ سے استعفی اور دارالحکومت میں امن بحال کرنے کے لئے فوری طور پر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سونیا گاندھی نے آج اچانک کانگریس ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس طلب کرکے راجدھانی کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یہ مطالبہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں نے اشتعال انگیز بیان دے کر لوگوں کو مشتعل کیا اور فساد کا ماحول پیدا کیا اور اس کی سازش رچی۔


انہوں نے وزیر داخلہ امت شاہ اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال پر بھی سوال اٹھایا کہ وہ دونوں گزشتہ اتوار سے کیا کر رہے تھے اور انہوں نے صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لئے کوئی کارروائی کیوں نہیں کی۔


کانگریس صدر نے کہا کہ امت شاہ اس واقعہ کی ذمہ داری لے کر استعفی دیں کیونکہ اس تشدد کے لئے مرکزی حکومت ذمہ دار ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ واقعات سوچی سمجھی سازش کے تحت کیے گئے ہیں اور بی جے پی لیڈروں نے خوف اور نفرت کا ماحول پیدا کیا اور پولیس حالات پر قابو نہیں کر پائی۔

دہلی میں ہوئے تشدد کے لئے مرکزی حکومت قصوروار، امت شاہ استعفی دیں: سونیا گاندھی

سونیا گاندھی نے یہ سوال اٹھایا کہ نیم فوجی سیکورٹی فورسز کو کیوں نہیں تعینات کیا گیا۔ انہوں نے دہلی کے ہر ضلع میں شہریوں کی امن کمیٹیاں قائم کرنے کا مطالبہ کیا اور یہ بھی کہا کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن متاثرہ علاقوں میں جاکر تشدد متاثرہ خاندانوں سے ملیں گے اور حمایت دے کر امن و سکون کا ماحول بنائیں گے۔

پریس کانفرنس میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور سینئر لیڈر غلام نبی آزاد کے علاوہ کانگریس کے سینئر لیڈر بھی موجود تھے۔ کانگریس کے ترجمان رنديپ سرجےوالا نے اس دوران بتایا کہ کانگریس کا ایک اعلی سطحی وفد اس سلسلے میں آج راشٹرپتی بھون کی جانب مارچ کرکے صدر کو ایک میمو دینے والا تھا لیکن صدر سے آج صبح ملاقات نہ ہو پانے کی وجہ سے مارچ اب کل نکالا جائے گا۔


کانگریس ورکنگ کمیٹی میں ایک قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں دہلی میں ہو رہے تشدد، جان و مال کے نقصان اور ہر روز ابتر ہوتی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ دردناک حادثوں کے پیچھے ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔ مرکز اور دہلی حکومت نے جان بوجھ کر کارروائی کرنے میں تاخیر کی، جس سے 20 سے زائد زندگیاں تلف ہو چکی ہیں۔

کانگریس ورکنگ کمیٹی سبھی کنبوں کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کرتی ہے اور سبھی زخمیوں کے جلد صحت مند ہونے کی تمنا کرتی ہے۔ قرار داد کے مطابق دہلی کی حالت کافی سنجیدہ ہے اور اس پر فوری طور پر نوٹس لئے جانے کی ضرورت ہے۔ صورت حال کو کنٹرول میں کرنے کے لئے فوری طور پر اضافی سیکورٹی فورس تعینات کی جانی چاہیے۔ میٹنگ کے بعد پرینکا گاندھی نے دلی کے شہریوں سے امن برقرار رکھنے اور تشدد سے دور رہنے کی اپیل کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */