گجرات انتخاب تک سسودیا اور مجھے مرکزی ایجنسیاں گرفتار کر سکتی ہیں: کیجریوال

دہلی کے وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ دو روزہ گجرات دورے پر ہیں، احمد آباد میں میڈیا اہلکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی ایجنسی ایک دو دنوں میں سسودیا کو گرفتار کر سکتی ہے۔

اروند کیجریوال، تصویر یو این آئی
اروند کیجریوال، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

گجرات دورے پر گئے دہلی کے وزیر اعلیٰ اور عآپ لیڈر اروند کیجریوال نے مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ کیجریوال نے کہا کہ گجرات انتخاب ختم ہونے تک مرکزی ایجنسیاں منیش سسودیا اور یہاں تک کہ انھیں بھی گرفتار کر سکتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’ایک بار انتخاب ختم ہو جانے کے بعد یہ سب ٹھنڈے بستے میں ڈال دیا جائے گا۔‘‘

گجرات دورے پر گئے کیجریوال اور ان کے نائب سسودیا نے احمد آباد میں میڈیا اہلکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’مرکزی ایجنسی سسودیا کو ایک یا دو دن میں گرفتار کر سکتی ہے، اور کون جانتا ہے کہ وہ مجھے اور دیگر کو بھی گرفتار کر لیں۔ سسودیا کے خلاف سبھی معاملے بےبنیاد ہیں، لیکن یہ ساری کارروائی گجرات اسمبلی انتخاب ختم ہونے تک جاری رہے گی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’سسودیا سب سے اچھے وزرائے تعلیم میں سے ایک ہیں۔ انھیں ملک کے تعلیمی محکمہ کو سونپنے کی جگہ ایسے معاملوں سے پریشان کیا جا رہا ہے۔ وہ بھارت رتن سے سرفراز ہونے کے اہل ہیں۔‘‘


اس درمیان سسودیا نے دعویٰ کیا ہے کہ انھیں بی جے پی میں شامل ہونے کی پیشکش کی گئی تھی۔ اس یقین دہانی کے ساتھ کہ ان کے خلاف سبھی معاملے بند ہو جائیں گے۔ پیشکش کرنے والے شخص کے نام کا انکشاف کرنے سے انھوں نے پرہیز کیا۔ دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس شخص (جس نے تجویز پیش کی) نے دعویٰ کیا کہ اس نے شویندو ادھیکاری، بیجینت پانڈا اور ہیمنت بسوا سرما کو بی جے پی میں لانے میں اہم کردار نبھایا تھا۔ نام کا انکشاف کرنے کے سوال پر انھوں نے میڈیا اہلکاروں سے کہا کہ ’’آپ ان سے پوچھیں کہ سودے کے پیچھے کون تھا، آپ کو اس شخص کے بارے میں پتہ چل جائے گا جس نے یہ پیشکش کی تھی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */