مرکز کا برتاؤ سکھوں کے ساتھ 1947 سے ہی خراب رہا: اکال تخت جتھیدار

گیانی ہرپریت سنگھ نے کہا ’’مرکز نے پنجاب اور سکھوں کے ساتھ 1947 سے ہی اچھا برتاؤ نہیں کیا۔ بلونت سنگھ راجونا کو معاف کر دینا چاہئے اور تمام سکھ قیدیوں کو رہا کیا جانا چاہئے‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سکھوں کے سب سے بڑی مذہبی ادارہ اکال تخت کے کارگزار جتھیدار گیانی ہرپریت سنگھ نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے اس بیان کی مزمت کی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پنجاب کےسابق وزیر اعلی بینت سنگھ کے قاتل بلونت سنگھ راجونا کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’’ مرکز نے پنجاب اور سکھوں کے ساتھ 1947 سے ہی اچھا برتاؤ نہیں کیا ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلونت سنگھ راجونا کو معاف کر دینا چاہئے اور تمام سکھ قیدیوں کو رہا کیا جانا چاہئے ۔یہ تمام سکھوں کا مطالبہ ہے۔‘‘

اکال تخت کے جتھیدار کے اس بیان کے بعد پنجاب کے وزیر اعلی امرندر سنگھ نے ایک ٹویٹ کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ’’ میں نہیں سمجھتا کہ ہندوستان میں سکھ غیر محفوظ ہیں اور جیسا اکال تخت کے جتھیدار نے کہا ہے اگر سکھوں میں غیر محفوظ ہونے کا کوئی احساس ہے تو اس کے لئے مرکزی حکومت ذمہ دار ہے اور ایسی صورت میں اکالی دل کو مرکز کی اتحادی حکومت سے علیحدہ ہو جانا چاہئے۔‘‘


واضح رہے کہ شرومنی اکالی دل کے صدر سکھبیر سنگھ بادل نے بھی امت شاہ کے اس بیان کو افسوسناک کہا تھا ۔ حال ہی میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے بیان دیا تھا کہ اگر نرسمہا راؤ نے آئی کے گجرال کے مشورہ پر عمل کیا ہوتا تو 1984 کے سکھ مخالف فساد سے بچا جا سکتا ہے ۔ منموہن سنگھ کے اس بیان پر جتھیدار نے کہا ’’انہوں نے اپنے احساسات کا اظہار کیا ہے ۔ حکومت خود نسل کشی کر رہی تھی تو ان کو کون روک سکتا ہے۔‘‘

ملک کی سکھ برادری اور اس کے سب سےبڑے مذہبی ادارہ کو اگر یہ احساس ہے کہ سکھوں کے ساتھ ملک میں مرکز کی جانب سے برتاؤ خراب ہو رہا ہے تو اس سے صاف ظاہر ہے کہ حکومت ناکام ہے ۔ واضح رہے راجیہ سبھا میں شہریت ترمیمی قانون پر ہونے والی بحث میں اکالی دل نے حکومت کے ساتھ ووٹ ضرور کیا تھا لیکن ان کے ارکان نے اس قانون کے خلاف اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔