’انڈیگو‘ فلائٹ منسوخی پر مشہور شخصیات کا پھوٹا غصہ، سونو سود نے کی عملے کے ساتھ رحم دلی کی اپیل

انڈیگو کی پرواز منسوخی کے سبب ہوائی اڈوں کے باہر بس اڈے جیسا ماحول نظر آرہا ہے۔ پریشان لوگ کئی گنا زیادہ پیسہ خرچ کرکے دوسری پروازوں کے ٹکٹ خرید کر کسی طرح اپنی منزل پر پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں۔

سونو سود، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان کی سب سے بڑی پرائیویٹ ایئرلائن ’انڈیگو‘ کی پرواز میں تاخیر کی وجہ سے عام لوگوں سے لے کرمشہور شخصیات تک سبھی پریشان ہیں۔ پرواز کے حوالے سے ہر شخص سوشل میڈیا پر اپنے غصے کا اظہار کر رہا ہے۔ کچھ مشہور شخصیات فلائٹ کے خلاف لکھ رہی ہیں جبکہ کچھ گراؤنڈ اسٹاف کی حمایت میں بات کر رہی ہیں۔ اس دوران سونو سود، جے بھانوشالی، راہل وید اورعلی گونی جیسے ستاروں نے انڈیگو بحران کے حوالے سے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

جے بھانوشالی نے اپنے انسٹاگرام اسٹوری پر پرواز کا تجربہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اتنے گھنٹوں کے سفر کے بعد مجھے اس گانے کے ساتھ خوش آمدید کہے جانے کا حق ہے۔ ’شکریہ انڈیگو اس ناپسندیدہ طویل سفر کے لیے‘۔ دوسری طرف علی گونی نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گراؤنڈ اسٹاف کے ساتھ بدسلوکی نہ کی جائے کیونکہ ان کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے۔ وہ مسئلے کا حل نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔


معروف اداکار سونو سود نے بھی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پرواز میں تاخیر ہونے سے مایوسی ہوتی ہے لیکن ان چہروں کو یاد رکھیں جو اسے بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ براہ کرم انڈیگو عملے کے ساتھ رحم دلی اور شائستہ رہیں۔ وہ منسوخی کا بھی بوجھ برداشت کر رہے ہیں، آئیے ہم سب ان لوگوں کا ساتھ دیں۔

تیلگو اداکار وجے کرشنا نریش نے بھی انڈیگو کے بارے میں اپنی پریشانی بیان کی۔ انہوں نے اپنے’ایکس‘ اکاؤنٹ پرایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’90 کی دہائی میں اڑان کا مزہ ختم ہوگیا‘۔ میں حیدرآباد  کے انڈیگو ٹرمینل پر صبح 8:15 بجے پہنچا۔ انڈیگو کی تمام پروازیں تاخیر کا شکار تھیں۔ تب تک میں نے کھانا پیک کروا لیا تھا تاکہ فلائٹ میں کھا سکوں۔ شاپنگ اور واپسی کے بعد دیکھا کہ گراؤنڈ اسٹاف اور مسافروں کے درمیان زبردست کہا سنی ہورہی ہے۔


ٹی وی اداکارہ نیا شرما نے کہا کہ ہوائی اڈے پر آج بدترین حالات تھے۔ لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔ میں نے ابھی سب سے مہنگی گھریلو پرواز کا ٹکٹ خریدا ہے اور مجھے ابھی تک نہیں معلوم کہ میں اپنی منزل تک پہنچ سکوں گی یا نہیں، لہٰذا امید کررہے ہیں کہ سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا، میری ٹیم کے 4 لوگ ایک ہی جگہ پہنچنے کے لئے 3 الگ الگ پروازیں لے رہے ہیں۔

دریں اثنا انڈیگو نے تسلیم کیا ہے کہ اس نے حال ہی میں ترمیم شدہ ڈیوٹی ضوابط کے تحت عملے کی ضروریات کا درست اندازہ نہیں لگایا جس کی وجہ سے اتنی بڑی مصیبت آگئی۔ اصلاحی اقدامات کرنے کے باوجود ایئر لائن نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دو سے تین دنوں میں مزید پروازوں کی منسوخی کا اندیشہ ہے۔ اس صورتحال میں ہوائی اڈوں کے باہر بس اڈے جیسا ماحول نظر آرہا ہے۔ انڈیگو کی پرواز منسوخی سے پریشان لوگ کئی گنا زیادہ پیسہ خرچ کرکے دوسری پروازوں کے ٹکٹ خریدنے پر مجبور ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔