بہار ٹاپر مریم رضا خان کی کامیابی کی کہانی خود ان کی زبانی...

مریم رضا خان کا کہنا ہے کہ اچھی کارکردگی کے لیے کتابوں کا سنجیدگی سے مطالعہ کرنے کے ساتھ ساتھ ضروری ہے کہ پابندی سے اسکول بھی جایا جائے اور گزشتہ سالوں کے سوالات بھی حل کیے جائیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن یعنی سی بی ایس ای بارہویں کا نتیجہ آنے کے بعد سب یہ جاننے کے لیے بے تاب نظر آتے ہیں کہ آل انڈیا ٹاپر کون ہوا اور ریاستی سطح پر کس نے ٹاپ کیا ہے۔ اس بار سی بی ایس ای بارہویں میں بہار ٹاپر ہونے کا فخر مسلم طالبہ مریم رضا خان نے حاصل کیا ہے جنھوں نے اپنی تعلیم پٹنہ نوٹریڈیم اسکول سے حاصل کی ہے۔ 500 میں 489 نمبر حاصل کرنے والی مریم کے گھر میں جیسے رمضان سے پہلے ہی عید کا سماں پیدا ہو گیا تھا جب پتہ چلا کہ اس نے بہار میں ٹاپ کیا ہے، اور سچائی تو یہ ہے کہ ان کے گھر میں یہ خوشیاں اب بھی برقرار ہیں۔ لوگ اب بھی مبارکبادیاں اور مٹھائیاں لے کر ان کے گھر پہنچ رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

تقریباً 98 فیصد نمبر حاصل کرنے والی مریم رضا خان نے ریزلٹ برآمد ہونے کے بعد بتایا کہ انھیں اچھے نمبر آنے کی تو پوری امید تھی لیکن یہ نہیں سوچا تھا کہ بہار ٹاپر بننے کا سہرا ان کے سر بندھے گا۔ مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نے سی بی ایس ای امتحان کے لیے کی گئی تیاریوں سے متعلق تفصیل بتائی۔ اس کا کہنا ہے کہ آپ یقیناً کامیاب ہوں گے اگر کتابوں کا مطالعہ سنجیدگی سے کریں گے اور این سی ای آر ٹی کی کتابوں پر خاص توجہ دیں گے۔ مریم نے یہ بھی بتایا کہ کتابوں کا بار بار پڑھنا اور گزشتہ سالوں کے سوالات کو حل کرنا بھی آپ کو کامیابی کی طرف قدم بڑھانے میں بھرپور مدد کرتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

مریم نے اپنی کامیابی کی وجہ پابندی سے اسکول جانے کو بھی بتایا۔ اس کا کہنا ہے کہ کچھ بچے یہ سمجھتے ہیں کہ اسکول کم جانے سے امتحان کی تیاری زیادہ بہتر ہوتی ہے، لیکن یہ درست نہیں ہے۔ اسکول میں پابندی کے ساتھ ہر سبجیکٹ کا کلاس اٹینڈ کرنا اور اساتذہ سے مشکل سوالوں کے حل جاننا آپ کے لیے آسانیاں پیدا کرتا ہے اور پھر گھر پر تیاری کے لیے بھی کافی وقت ہوتا ہے۔

اپنے مستقبل کی تیاریوں کے بارے میں ایک مقامی اخبار سے بات چیت کرتے ہوئے مریم نے بتایا کہ وہ آرکیٹیکچر یا کمپیوٹر سائنس میں اپنا کیریر بنانا چاہتی ہیں۔ انھوں نے جے ای ای مینس کا امتحان بھی دیا ہے اور جے ای ایڈوانس کی تیاری بھی کر رہی ہیں۔ والدہ شاہینہ خان کا کہنا ہے کہ مریم پڑھنے لکھنے میں بہت سنجیدہ ہے اور اس کا مستقبل یقیناً تابناک ہے۔ انھیں یہ بھی امید ہے کہ ان کی بیٹی اپنا خواب پورا کرنے میں ضرور کامیاب ہوگی۔


تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

مریم رضا خان کی کامیابی کے پیچھے کی ایک اہم وجہ ان کے گھر کا تعلیمی ماحول بھی ہے۔ دراصل ان کے والد طارق رضا خان اور والدہ ڈاکٹر شاہینہ خان، دونوں ہی پرائیویٹ اسکول سے منسلک ہیں۔ طارق رضا جہاں ایس ٹی رضا انٹرنیشنل اسکول چلاتے ہیں وہیں شاہینہ خان ایس ٹی رضا گرلس اسکول کی ذمہ داری سنبھالتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مریم کو ایک علمی ماحول ملا اور پھر اپنی محنت سے وہ اس مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوئیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔