سندیش خالی میں خواتین کے استحصال اور زمین پر قبضہ کی جانچ سی بی آئی کرے گی، کلکتہ ہائی کورٹ کا حکم

سندیش خالی میں مقامی خواتین نے الزام عائد کیا تھا کہ مقامی ترنمول کانگریس لیڈران نے جبراً ان کی زمین پر قبضہ کر رکھا ہے، کچھ خواتین نے عصمت دری کا سنگین الزام بھی عائد کیا۔

کلکتہ ہائی کورٹ / تصویر آئی اے این ایس
کلکتہ ہائی کورٹ / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مغربی بنگال کے سندیش خالی میں جاری ہنگامہ ہنوز جاری ہے۔ سیاسی لیڈران کی لگاتار بیان بازیوں سے حالات کی کشیدگی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ اس درمیان کلکتہ ہائی کورٹ نے سندیش خالی میں خواتین پر ہوئے مظالم اور زمین پر قبضہ کرنے سے متعلق الزامات کی جانچ سی بی آئی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ جمعرات کو ہائی کورٹ نے سندیش خالی کے واقعات پر ریاستی حکومت کو پھٹکار لگائی تھی۔ عدالت نے سندیش خالی میں تشدد کے خلاف داخل عرضیوں پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ بے حد شرمناک ہے۔ یہ ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر شہری کو سیکورٹی فراہم کرے۔ عدالت نے ساتھ ہی یہ بھی کہا تھا کہ سندیش خالی معاملے میں ضلع انتظامیہ اور مغربی بنگال حکومت دونوں کو اخلاقی ذمہ داری لینی چاہیے۔


واضح رہے کہ سندیش خالی میں مقامی خواتین نے الزام عائد کیا تھا کہ مقامی ترنمول کانگریس لیڈران نے جبراً ان کی زمین پر قبضہ کر رکھا ہے۔ کچھ خواتین نے ترنمول کانگریس لیڈران پر عصمت دری کا سنگین الزام بھی عائد کیا۔ سندیش خالی معاملے کا کلیدی ملزم ترنمول کانگریس لیڈر شاہجہاں شیخ کو بتایا جا رہا ہے جو کہ ای ڈی ٹیم پر حملہ کا بھی ملزم ہے۔ ساتھ ہی بنگال کے راشن گھوٹالہ میں بھی اس کا نام لیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔