کولکاتا پولس کی ناگیشور راؤ کے ٹھکانے پر چھاپہ ماری، سی بی آئی راجیو کمار سے پوچھ گچھ کیلئے تیار

جہاں سی بی کی ٹیم کولکاتا پولس کمشنر راجیو کمار سے پوچھ گچھ کے لئے شیلانگ پہنچ گئی ہے وہیں دوسری طرف کولکاتا پولس نے سی بی آئی کے سابق عبوری ڈائریکٹر ناگیشور راؤ کی بیوی کی کمپنی پر چھاپہ ماری کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کولکاتا: شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ میں کولکاتا پولس کمشنر راجیو کمار سے پوچھ تاچھ کرنے کیلئے سی بی ائی کی دس رکنی ٹیم جمعہ کے روز پہلے کولکاتا پہنچی اور اس کے بعد شیلانگ کیلئے روانہ ہوگئی ہے۔ سی بی آئی کے جوائنٹ ڈائریکٹر پنکج سریواستو کی قیادت میں سی بی آئی راجیو کمار سے کل سنیچر کو پوچھ تاچھ کرے گی۔ اتوار کو ترنمول کانگریس کے سابق راجیہ سبھا رکن کنال گھوش سے پوچھ تاچھ کی جائے گی۔

دریں اثنا، میڈیا رپورٹوں کے مطابق کولکاتا پولس نے سی بی آئی افسر اور سابق عبوری ڈائریٹر ناگیشور راؤ کی بیوی کی کمپنی میں چھاپہ ماری کی ہے۔ چھاپہ ماری کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ ممتا بنرجی کسی بھی طرح مودی حکومت سے ہار مارنے والی نہیں ہیں اور کولکاتا پولس سی بی آئی کے ہر قدم کا جواب دے گی۔

جو ٹیم کولکاتا کے پولس کمشنر راجیو کمار سے پوچھ گچھ کرے گی وہ 10 ارکان پر مشتم ہے اور اس میں ایک ایس پی رینک کے آفیسر، دو ڈپٹی ایس پی،تین اے ایس پی رینک اور چار انسپکٹر عہدہ کے افسران شامل ہیں۔ کچھ مزیدافسران بھی جائیں گے جنہوں نے الزام عاید کیا ہے کہ راجیو کمار کی قیادت والی ایس آئی ٹی پر شاردا ارو روز ویلی گھوٹالہ کے ثبوت مٹا دئے ہیں۔

اتوار کو کولکاتا پولس اور سی بی آئی کے درمیان ڈرامائی جنگ ہونے کے بعد سی بی آئی کی عرضی پر سپریم کورٹ نے کولکاتا پولس کمشنرراجیو کمار کو سی بی آئی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی تھی۔ اتوار کو سی بی آئی کی ایک بڑی ٹیم راجیو کمار کے گھر پوچھ تاچھ کرنے کیلئے پہنچی تھی۔ اس کے بعد ہی تنازع کھڑا ہوگیا اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بذات خود راجیو کمار کے گھر پہنچ گئیں اور اس کے بعد سی بی آئی کے افسران کو ہی کولکاتا پولس نے گرفتار کرلیا۔

کل سی بی آئی نے کولکاتا پولس کمشنر راجیو کمار کو سمن جاری کرتے ہوئے 9فروری کو سی بی آئی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی تھی۔راجیو کمار نے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد جانچ ایجنسی کو خط لکھ کر بتایا تھا کہ وہ 8فروری کو سی بی آئی کے سامنے پیش ہونے کو تیار ہیں۔

دوسری جانب کولکاتا پولس کمشنر راجیو کمار ایک بار پھر سپریم کورٹ جانے کی تیاری کررہے۔ذرائع کے مطابق راجیو کمار عدالت کو مطلع کریں گے کہ سی بی آئی سیاسی اشاروں پر ان کو نشانہ بنارہے ہیں۔کیوں کہ وہ ایس آئی ٹی جو شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ کا جانچ کیلئے قائم کی گئی تھی کے ایک رکن تھے مگر دیگر ممبران سے پوچھ تاچھ کیے بغیر صرف انہیں ہی نشانہ بنایا جارہاہے۔دوسرے یہ کہ سی بی آئی 2014مئی سے ہی شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ کی جانچ کررہی ہے مگر اسے چار سال بعد یہ بات سمجھ میں آئی کہ ثبوت مٹائے گئے ہیں۔کمار کے مطابق وہ عدالت کے سامنے سارے شواہد پیش کریں گے۔

دوسری جانب سی بی آئی نے شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ کے کلیدی ملزم شاردا میڈیا کے سی ای او اور ترنمول کانگریس کے سابق راجیہ سبھا رکن کنال گھوش کو بھی سی بی آئی نے سمن جاری کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ وہ 10فروری کو شیلانگ میں سی بی آئی کے سامنے پیش ہوں۔

کنال گھوش نے کہا کہ سی بی آئی آفس نے انہیں شیلانگ میں طلب کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے جانچ ایجنسی کے ساتھ تعاون کرنے کی شرط پر ضمانت ملی ہے۔اس لیے میں سی بی آئی کے طلب کیے جانے پر شیلانگ جاؤں گا۔کنال گھوش نے سی بی آئی کے سامنے بی جے پی کے لیڈر مکل رائے سمیت کئی لیڈروں کے خلاف سنگین الزامات عاید کرتے ہوئے کہا تھا کہ جانچ ایجنسی اصل گناہ گاروں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے چھوٹی چھوٹی مچھلیوں کو پکڑرہی ہے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔