ایسیل گروپ کے چیئرمین سبھاش چندرا کے خلاف سی بی آئی نے درج کیا کیس، 1322 کروڑ کی دھوکہ دہی کا الزام

ایل آئی سی ایچ ایف ایل کی شکایت کی بنیاد پر سی بی آئی نے سبھاش چندرا کے علاوہ پنکج سرولیا، امیش پانڈیا اور راجیو ڈھولکیا کو بھی ملزم بنایا ہے۔ ان پر 1322 کروڑ روپے سے زیادہ کی دھوکہ دہی کا الزام ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سبھاش چندرا، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i

’ایسیل گروپ‘ کے چیئرمین اور ’زی‘ کے بانی سبھاش چندرا کی مشکلیں دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہیں۔ سی بی آئی نے سبھاش چندرا اور کچھ دیگر لوگوں کے خلاف دھوکہ دہی کا معاملہ درج کر لیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق سبھاش چندرا اور دیگر پر ایل آئی سی ہاؤسنگ فائنانس لمیٹڈ (ایل آئی سی ایچ ایف ایل) کے ساتھ تقریباً 1322 کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کرنے کا الزام ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ ایل آئی سی ایچ ایف ایل کی شکایت کی بنیاد پر سی بی آئی نے اس معاملہ میں سبھاش چندرا کے علاوہ پنکج سرولیا، امیش پانڈیا اور راجیو ڈھولکیا کو بھی ملزم بنایا ہے۔ ان پر 2018 سے 2026 کے درمیان ایل آئی سی ہاؤسنگ فائنانس لمیٹڈ کے ساتھ 1322 کروڑ روپے سے زیادہ کی دھوکہ دہی کا سنگین الزام عائد کیا گیا ہے۔


جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، اس کے مطابق کمپنی نے اپنی شکایت میں بتایا ہے کہ سبھاش چندرا نے ایم/ایس وسنت ساگر پراپرٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ اور دوسری کمپنیوں کے لیے قرض کی سہولت لینے کے لیے ایک نیٹ وَرتھ سرٹیفکیٹ جمع کیا تھا۔ اس میں بتایا گیا تھا کہ 2018 میں ان کی نیٹ وَرتھ 59113 کروڑ روپے تھی۔ اس سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر کمپنی نے سبھاش چندرا سے منسلک 3 کمپنیوں کو قرض دیا تھا۔ لیکن دیوالیہ پن کی کارروائی کے دوران چندرا نے دعویٰ کیا کہ ان کی نیٹ وَرتھ کبھی بھی 50 ہزار کروڑ روپے نہیں تھی۔ ایل آئی سی ہاؤسنگ فائنانس نے اسی دعویٰ کے بعد چندرا کے خلاف دھوکہ دہی، بھروسہ توڑنے اور دھوکہ دہی کی سازش تیار کرنے کے الزام میں مجرمانہ شکایت درج کرائی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔