لالو پرساد یادو کی ضمانت کے خلاف سی بی آئی نے سپریم کورٹ میں داخل کی عرضی، جلد سماعت کا مطالبہ

مرکزی جانچ ایجنسی (سی بی آئی) نے ہندوستان کے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی بنچ کے سامنے معاملے کا تذکرہ کیا اور ضمانت رد کرنے کی عرضی پر فوری سماعت کرنے کا مطالبہ کیا۔

لالو پرساد یادو
لالو پرساد یادو
user

قومی آوازبیورو

چارہ گھوٹالہ معاملے میں جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے ذریعہ آر جے ڈی صدر لالو پرساد کو دی گئی ضمانت کو رد کرنے کی سی بی آئی کی عرضی پر سپریم کورٹ جلد سماعت کے لیے تیار ہو گیا ہے۔ عدالت عظمیٰ کی ویب سائٹ پر دستیاب تفصیلات کے مطابق اس معاملے پر آئندہ جمعہ یعنی 25 اگست کو سماعت ہونے کا امکان ہے۔ مرکزی جانچ ایجسی (سی بی آئی) نے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی بنچ کے سامنے معاملے کا تذکرہ کیا اور ضمانت رد کرنے کی عرضی پر فوری سماعت کا مطالبہ کیا۔

گزشتہ سال اپریل میں جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے ڈورنڈا ٹریزری سے 139.5 کروڑ روپے نکالے جانے سے متعلق پانچویں چارہ گھوٹالہ معاملہ میں لالو پرساد کو ضمانت دے دی تھی۔ سپریم کورٹ نے دُمکا اور چائباسہ ٹریزری سے فرضی طریقے سے پیسہ نکالنے کے معاملے میں 17 اپریل 2021 اور 9 اکتوبر 2020 کو ضمانتی احکامات کو چیلنج دینے والی سی بی آئی کی عرضی پر پہلے ہی نوٹس جاری کر دی اتھا۔


سی بی آئی کے اس قدم پر بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے کہا کہ ہم عدالت میں اپنی بات رکھیں گے۔ چاہے وہ ہمیں کتنا بھی پریشان کریں، کچھ نہیں ہوگا۔ ہم اس بات کو لے کر بالکل واضح ہیں کہ ہمیں کیا کرنا ہے۔ ان سے کوئی نہیں ڈرتا۔ ہم لڑیں گے اور جیتیں گے۔

واضح رہے کہ غیر منقسم بہار میں لالو پرساد کے وزیر اعلیٰ رہتے ہوئے مویشی پروری محکمہ میں کروڑوں روپے کے چارہ گھوٹالے کا الزام لگا تھا۔ یہ گھوٹالہ 1996 میں سامنے آیا اور پٹنہ ہائی کورٹ کی ہدایت پر معاملہ سی بی آئی کو سونپ دیا گیا۔ لالو پرساد کو جھارکھنڈ کے دیوگھر، دُمکا اور چائباسہ ٹریزری سے دھوکہ دہی سے پیسے نکالنے کے چار چارہ گھوٹالے کے معاملوں میں قصوروار ٹھہرایا گیا تھا۔ ڈورنڈا معاملے میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے انھیں پانچ سال کی سزا سنائی تھی اور 60 لاکھ روپے کا جرمانہ لگایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔