شراب پالیسی معاملہ میں سی بی آئی کی کارروائی، منیش سسودیا سمیت تمام ملزمان کے خلاف لُک آؤٹ نوٹس جاری

سی بی آئی نے دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا سمیت تمام ملزمان کے خلاف لُک آؤٹ نوٹس جاری کر دیا ہے، جس کے ملزمان ملک سے باہر نہیں جا سکتے

منیش سسودیا / ویڈیو گریب
منیش سسودیا / ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی ایکسائز پالیسی یعنی شراب سے متعلق پالیسی معاملہ میں سی بی آئی نے دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا سمیت تمام ملزمان پر کارروائی کی ہے۔ منیش سسودیا کی گرفتاری کے امکانات کے درمیان سی بی آئی نے ان کے اور دیگر ملزمان کے خلاف لُک آؤٹ نوٹس جار کر دیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے ذرائع کے حوالہ سے یہ اطلاع دی ہے۔ لُک آؤٹ نوٹس جاری ہونے کے بعد منیش سسودیا سمیت ان تمام ملزمان میں سے کوئی بھی شخص ملک سے باہر نہیں جا سکتا۔ رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 14 ملزمان کے خلاف لُک آوٹ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔


سی بی آئی نے جو لُک آؤٹ سرکلر جاری کیا ہے اس میں ان تمام ملزمان کے نام شامل ہیں، جن کے خلاف شراب پالیسی میں مبینہ بے ضابطگیوں پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ تاہم، اس میں ممبئی کی انٹرٹینمنٹ ایونٹ منیجمنٹ کمپنی کے سی ای او وجے نائر کا نام شامل نہیں ہے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل دہلی میں میش سسودیا کی رہائش پر سی بی آئی نے چھاپہ ماری کی تھی۔م اس کے علاوہ اس معاملہ میں ملک کے کل 21 ٹھکانوں پر سی بی آئی نے چھاپہ مارا تھا۔

سی بی آئی کے لک آؤٹ نوٹس معاملہ میں نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا، ’’آپ کی ریڈ فیل ہو گئی، کچھ نہیں ملا، ایک پیسے کی ہیرا پھیری نہیں ملی، اب آپ نے لُک آؤٹ نوٹس جاری کیا ہے کہ منیش سسودیا مل نہیں رہا ہے۔ یہ کیا نوٹنکی ہے مودی جی! میں کھلے عام دہلی میں گھوم رہا ہوں، بتائیے کہاں آنا ہے؟ آپ کو میں مل نہیں رہا؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔