سیاسی مخالفین پر انتقام کے تحت مقدمات درج کرائے جا رہے ہیں: دگوجے سنگھ

دگوجے سنگھ نے کہا کہ سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور ہماری قیادت کا ارادہ واضح ہے۔ نیشنل ہیرالڈ کانگریس پارٹی کی وراثت ہے اور اس اقدار کو ہمیشہ زندہ رکھیں گے۔

دگوجے سنگھ / ویڈیو گریب
دگوجے سنگھ / ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

بھوپال: مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیڈر دگوجے سنگھ نے نیشنل ہیرالڈ کیس میں کانگریس صدر سونیا گاندھی کو ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) کی طرف سے پوچھ گچھ کے لئے طلب کئے جانے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی انتقام کے تحت حزب اختلاف کے اہم لیڈران کے خلاف مقدمات درج کرائے جا رہے ہیں۔ دگوجے سنگھ راجدھانی بھوپال میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

پریس کانفرنس کے دوران دگوجے سنگھ نے کہا ای ڈی نے منی لانڈرنگ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ مقدمہ تب درج کیا جاتا ہے جب کوئی غیر قانونی رقم کو قانونی بنانے کے لئے لین دین کرتا ہے لیکن جیسے ہی مودی جی کی حکومت آئی ہے انہوں نے انسداد منی لانڈرنگ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ اس مقدمہ کو 2015 میں ہی ای ڈی نے ثبوتوں کی غیر موجودگی کے سبب بند کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملہ میں آج تک کسی سطح پر کوئی ایف آئی آر تک درج نہیں کی گئی ہے۔ سبرامنیم سوامی نے ایک پرائیویٹ عرضی داخل کرتے ہوئے درخواست کی کہ ایف آئی آر درج کی جائے عدالت کے سمن جاری کئے جانے کے بعد جواب دیا گیا اور جب سوامی کو طلب کیا گیا تو وہ بیان دینے نہیں پہنچے اور ہائی کورٹ جا کر اسٹے لے لیا۔ آخر کیا وجہ تھی کہ انہوں نے اسٹے لے لیا اور بیان نہیں دیا۔


دگوجے سنگھ نے کہا کہ سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور ہماری قیادت کا ارادہ واضح ہے۔ نیشنل ہیرالڈ کانگریس پارٹی کی وراثت ہے اور اس اقدار کو ہمیشہ زندہ رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سچائی کی جنگ ہے اور سچائی کی ہمیشہ جیت ہوتی ہے، اس بار بھی ہوگی۔ راہل گاندھی اس امتحان سے سرخ رو ہو کر نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہیرالڈ کی جانب سے اپنے ملازمین کی تنخواہ ادا کرنے کے لئے 67 کروڑ کا قرض لیا تھا۔ اس کے عوض میں پارٹی نے ایک پیسہ نہیں لیا اور صرف حصص اپنے نام کئے۔

انہوں نے کہا کانگریس پارٹی کو کچھ چھپانا ہوتا تو وہ اپنے اسٹیٹمنٹ میں ہی ظاہر نہ کرتی، آڈٹ میں ہر ایک بات بتائی گئی۔ آڈت کے بعد الیکشن کمیشن اور ای ڈی نے اسے تسلیم کیا۔ کوئی ایف آئی آر بھی درج نہیں ہے۔ پھر بھی سونیا اور راہل کو دباؤ میں لینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ لیکن یہ وہ خاندان نے جس نے انگریزی حکومت کے سامنے کبھی گھٹنے نہیں ٹیکے۔


انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کل اے آئی سی سی سے ای ڈی کے دفتر پہنچیں گے اور تمام ارکان کمیٹی اور ارکان پارلیمنٹ اے آئی سی سی کے دفتر میں جمع ہوں گے۔ خیال رہے کہ نیشنل ہیرالڈ معاملہ میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو ای ڈی نے 13 جون کو پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا ہے، جبکہ پارٹی صدر سونیا گاندھی کو 23 جون کو طلب کیا گیا ہے۔ کل یعنی 13 جون کو راہل گاندھی کی ای ڈی میں پیشی کے وقت کانگریس پارٹی لیڈران کی جانب سے احتجاج کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔