بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ چنمے آنند پر جنسی استحصال کا کیس درج، طالبا غائب

لاء کالج کی طالبا چنمے آنند پر جنسی استحصال کا الزام لگانے کے بعد سے غائب ہے اور اس کے والدین صدمے میں ہیں،چنمے آنند کے خلاف کیس درج ہو گیا ہے

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے شاہجہاں پور کے لاء کالج کی ایک طالبا کا ویڈیو وائرل ہو رہا ہے ۔ ویڈیو میں طالبا نے کالج کے ڈاریکٹر اور بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ سوامی چنمے آنند پر جنسی استحصال اور ڈرانے دھمکانے جیسے سنگین الزام لگائے ہیں ۔ طالبا نے اپنے خاندان کی جان کو خطرہ بھی بتایا ہے ۔ 24 اگست کو سوشل میڈیا پر جنسی استحصال سے متعلق ویڈیو ڈالنے کے بعد سے طالبا غائب ہے۔

اس معاملہ کو لے کر تنازعہ بڑھنے کے بعد چنمے آنند کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔ شاہجہاں پور کے پولس سپرنٹنڈنٹ ایس چنپا نے کہا ہے ’’سابق مرکزی وزیر چنمے آنند کے خلاف دفعہ364 (قتل کرنے کے لئے اغوا کرانا)، 506 (دھمکانے)کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ‘‘۔


ڈی جی اتر پردیش پولس کے حکم کے بعد بی جے پی رہنما سوامی چنمے آنند کے خلاف ایف آئی آئی درج ہوئی ہے ۔ طالبا کے والد نے اس تعلق سے 25 اگست کو شکایت درج کی تھی اور پولس نے اس وقت صرف گمشدگی کی رپورٹ درج کی تھی۔

جو ویڈیو وائرل ہوا ہے اس میں طالبا کا کہنا ہے کہ ایک سنت نے کئی لڑکیوں کی زندگی برباد کر دی ہے اور اسی سنت نے اس کی زندگی بھی برباد کی ہے ۔ اس کے پاس سنت کے خلاف سارے ثبوت ہیں ۔ اس کا کہنا ہے کہ سنت بہت طاقتور ہے اور ڈی ایم و ایس پی کو جیب میں رکھتا ہے ۔ ویڈیو اپلوڈ کرنے کے بعد سے طالبا اچانک غائب ہو گئی ہے ۔ ہاسٹل میں رہ رہی طالبا کے غائب ہونے سے اس کے اہل خانہ صدمے میں ہیں اور بہت ڈرے ہوئے ہیں ۔


دوسری جانب سوامی چنمے آنند کے وکیل نے کہا ہے کہ سوامی کے اوپر تمام الزامات بے بنیاد ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ22 اگست کو ایک انجان فون نمبر سے میسج آیا تھا جس میں بدنام کرنے کی بات کہی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ بدنامی سے بچنے کے لئے پانچ کروڑ روپے دینے ہوں گے ۔وکیل نے کہا کہ جب اس تعلق سے اعلی افسران سے بات کی تو انہوں نے معاملہ کو میڈیا سے دور رکھنے کے لئے کہا اور پولس پورے معاملہ کی جانچ میں لگ گئی ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔