بہار: وشنوپد مندر میں مسلم وزیر کے داخلے پر نتیش کمار سمیت 7 کے خلاف کیس

بہار سول سوسائٹی کے سربراہ آچاریہ چندر کشور پراشر کے ذریعہ داخل شکایت میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور وزیر اطلاعات و ٹیکنالوجی محمد اسرائیل منصوری سمیت سات لوگوں کو نامزد ملزم بنایا گیا ہے۔

نتیش کمار، تصویر آئی اے این ایس
نتیش کمار، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بہار کے گیا واقع وشنوپد مندر میں مسلم ریاستی وزیر محمد اسرائیل منصوری کے داخلے کا معاملہ طول پکڑتا جا رہا ہے۔ اس تعلق سے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سمیت 7 لوگوں کے خلاف عدالت میں شکایت داخل کی گئی ہے۔ مظفر پور کے چیف جیوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں آچاریہ چندر کشور پراشر کی طرف سے یہ کیس داخل کیا گیا ہے، جس پر آئندہ 2 ستمبر کو سماعت کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بہار سول سوسائٹی کے سربراہ آچاریہ چندر کشور پراشر کے ذریعہ داخل اس شکایت میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار، وزیر اطلاعات و ٹیکنالوجی محمد اسرائیل منصوری، وشنوپد مندر انتظامیہ کمیٹی کے کارگزار صدر شمبھو لال وٹھل، مندر انتظامیہ کمیٹی کے سکریٹری گجادھر پاٹھک، گیا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ، ایس ڈی او اور وشنوپد مندر پولیس چوکی کے انچارج کو ملزم بنایا گیا ہے۔


اس پورے معاملے پر چندر کشور پراشر کا کہنا ہے کہ میں نے یہ شکایت داخل کی کیونکہ وزیر اعلیٰ اور وزیر نے جس طرح سے ہندو سماج کے عقیدے اور مندر انتظامیہ کمیٹی کے اصول و ضوابط کی خلاف ورزی کی، اس نے میرے مذہبی جذبات مجروح کیا۔ چندر کشور پراشر کے وکیل کا اس معاملے میں کہنا ہے کہ تعزیرات ہند کی دفعات 295، 295اے اور 504 کے تحت یہ کیس داخل کیا گیا ہے، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے سماعت کی تاریخ 2 ستمبر مقرر کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔