ممتا بنرجی کے پلاسٹر سے کارٹونسٹوں کو ملی ترغیب، خوب بنے ’سیاسی کارٹون‘

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے پیر پر لگا پلاسٹر ’سیاسی کارٹون‘ بنانے والے کارٹونسٹوں کے لیے مرکز کشش بن گیا ہے۔ کئی معروف کارٹونسٹوں نے اسے بنیاد بنا کر لوگوں کو سیاسی پیغام دیا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس سربراہ ممتا بنرجی اس وقت زخمی ہیں اور ان کا علاج چل رہا ہے۔ نندی گرام میں نامزدگی داخل کرنے کے بعد ان کے ساتھ ہوئی مبینہ دھکّا مکی میں انھیں چوٹ لگی تھی جس کے بعد کولکاتا کے ایس ایس کے ایم اسپتال میں ان کا علاج چل رہا ہے۔ ممتا کے پیر میں پلاسٹر لگایا گیا ہے۔ اسی کو بنیاد بنا کر آج کئی کارٹونسٹوں نے اپنے سیاسی پیغامات دیئے ہیں۔

انگریزی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے لیے کارٹونسٹ سندیپ ادھوریو نے اپنے کارٹون میں ممتا کو پلاسٹر چڑھے پیر کے ساتھ فٹ بال کھیلتے دکھایا ہے۔ انھوں نے اس کے ساتھ ’کھیلا ہوبے‘ کیپشن بھی دیا ہے۔ غور طلب ہے کہ فٹ بال مغربی بنگال کا پسندیدہ کھیل ہے اور ملک کے بیشتر معروف فٹ بال کھلاڑی کولکاتا سے نکلے ہیں۔ وہیں ’کھیلا ہوبے‘ ایک سیاسی نعرے کے طور پر بھی اس بار کے اسمبلی انتخابات میں استعمال ہو رہا ہے۔


مشہور کارٹونسٹ ستیش آچاریہ نے بھی ممتا کے پلاسٹر کو اپنے آج کے کارٹون کا موضوع بنایا ہے۔ ستیش آچاریہ اپنے کارٹون کے ذریعہ سیاسی تبصرے کرتے ہیں۔ انھوں نے آج کے کارٹون میں ایک ریس ٹریک کو ظاہر کیا ہے، جس پر ممتا بنرجی اور پی ایم مودی کو دوڑتے دکھایا گیا ہے۔ دو تصویروں میں انھوں نے دکھایا ہے کہ کس طرح پہلے ممتا اور مودی کے درمیان فرق کم تھا، لیکن ممتا کے زخمی ہونے اور پیر پر پلاسٹر لگنے کے بعد ممتا کی رفتار مزید تیز ہو گئی ہے اور وہ مودی سے کافی آگے نکل گئی ہیں۔ انھوں نے اسی کارٹون میں بی جے پی کو پریشان ظاہر کرتے ہوئے پی ایم مودی کے ’جملہ ببل‘ میں ’فیک‘ لفظ لکھا ہے۔ یہ اشارہ کرتا ہے کہ ممتا کی چوٹ کے بعد بی جے پی لیڈران کس طرح ان کی چوٹ کو ’نقلی‘ کہہ رہے ہیں۔

اُدھر اپنے مستقل ادارتی کارٹون ’فرسٹ کٹ‘ میں کارٹونسٹ منجل نے بھی ممتا کے پلاسٹر کو ہی موضوع بنایا ہے۔ انھوں نے بہت گہرا سیاسی تبصرہ کرتے ہوئے ممتا بنرجی کے پیر کے پلاسٹر کو بنگال میں بی جے پی کے داخلے کو رخنہ کی شکل میں دکھایا ہے۔


کارٹونسٹ پونپّا نے بھی ممتا بنرجی کے پیر کے پلاسٹر کو ہی اپنا موضوع بنایا ہے۔ انھوں نے ممتا کے پیر کے پلاسٹر میں ترنمول کانگریس کے انتخابی نشان کو اُگتے ہوئے دکھایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔