کیپٹن ورون سنگھ کا جسد خاکی آج ان کے آبائی شہر بھوپال لایا جائے گا

سرکاری ذرائع کے مطابق گروپ کیپٹن ورون سنگھ کا جسد خاکی جمعرات کو بنگلور سے فوج کے ایک خصوصی طیارے سے یہاں لایا جائے گا۔

کیپٹن ورون سنگھ
کیپٹن ورون سنگھ
user

یو این آئی

بھوپال: تمل ناڈو میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے فضائیہ کے بہادر افسر گروپ کیپٹن ورون سنگھ کا جسد خاکی آج ان کے آبائی شہر بھوپال لایا جائے گا۔ شوریہ چکر اعزاز سے سرفراز گروپ کیپٹن ورون سنگھ کی جمعہ کو یہاں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق گروپ کیپٹن ورون سنگھ کا جسد خاکی جمعرات کو بنگلور سے فوج کے ایک خصوصی طیارے سے یہاں لایا جائے گا۔ ان کا جسد خاکی ایئرپورٹ سے ان کی انر کورٹ کالونی کی رہائش گاہ لے جایا جائے گا۔ کالونی کے مکین اور دیگر شہری دن کے وقت گروپ کیپٹن کی آخری جھلک دیکھ سکیں گے۔


فوجی ذرائع نے بتایا کہ گروپ کیپٹن کی آخری رسومات جمعہ کو دن کے وقت بھدبھدا وشرام گھاٹ پر ادا کی جائیں گی۔ اس سے پہلے انہیں یہاں 3 ای ایم آئی (الیکٹرانکس اینڈ مکینیکل انجینئرز) سنٹر میں فوجی افسران اور جوانوں کی موجودگی میں آخری الوداعی دی جائے گی۔

گروپ کیپٹن ورون سنگھ بھوپال کے رہنے والے کرنل کے پی سنگھ (ریٹائرڈ) کے بیٹے ہیں۔ کرنل کے پی سنگھ کے ایک اور بیٹے تنوج سنگھ ہندوستانی بحریہ میں لیفٹیننٹ کمانڈر ہیں۔ گروپ کیپٹن ورون سنگھ 8 دسمبر کو تمل ناڈو میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شدید زخمی ہو گئے تھے۔ انہیں علاج کے لیے بنگلور کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں بدھ کو ان کا انتقال ہوگیا۔ اس خبر کے بعد کل سے ہی ان کے جاننے والے اور رشتہ دار یہاں گروپ کیپٹن کی رہائش گاہ پر پہنچنا شروع ہو گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔