کینیڈا نے پاکستان اور ہندوستان کی مسافر پروازوں پر لگائی پابندی

کینیڈا آنے والے تمام مثبت کیسز میں سے نصف سے زیادہ ہندوستان سے آنے والی پروازوں کے تھے جبکہ اسی طرح کیسز پاکستان سے آنے والوں میں بھی سامنے آرہے ہیں ۔

فائل تصویر یو این آئی
فائل تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

ہندوستان اور پاکستان میں کورونا کے بے تحاشہ بڑھتے معاملات کے پیش نظر کینیڈا نے دونوں ممالک کے مسافر پروزاوں کو 30 روز کے لئے معطل کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم یہ قدم عارضی ہے اور صورت حال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کینیڈا کے وزیر ٹرانسپورٹ عمر الغابرا نے ہندوستان اور پاکستان سے تمام مسافر پروازوں کو 30 روز کے لیے معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان ممالک سے آنے والے مسافروں میں کووڈ۔19 کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’پاکستان اور ہندوستان سے کینیڈا آنے والے مسافروں میں کووڈ۔ 19 کے زیادہ کیسز پائے جانے کے معاملے کے پیش نظر میں ہندوستان اور پاکستان سے کینیڈا آنے والی تمام تجارتی اور نجی مسافر پروازوں کو 30 دن کے لیے معطل کر رہے ہیں‘۔


تاہم انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ ایک عارضی اقدام ہے جبکہ ہم سامنے آنے والی صورتحال کا جائزہ لے رہیں ہیں اور آگے بڑھتے ہوئے مناسب اقدامات کا تعین کررہے ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ یہ پابندی کارگو پروازوں پر لاگو نہیں ہوگی جس میں بالخصوص ویکسین، ذاتی حفاظتی سامان اور دیگر ضروری سامان کی شپمنٹس شامل ہیں۔

عمر الغابرا نے کہا کہ فی الحال کینیڈا اور برازیل کے درمیان کوئی طے شدہ پروازیں نہیں ہیں تاہم ’اگر صورتحال خراب ہوگی تو ہم دیگر ممالک کے سفر پر پابندی عائد کرنے میں دیر نہیں کریں گے‘۔


وزیر صحت پیٹی حاجدو نے کہا ہے کہ کینیڈا پہنچنے والے صرف 1.8 فیصد مسافروں میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔انہوں نے کہا کہ ’ہندوستان سے کینیڈا آنے والے تمام مثبت کیسز میں سے نصف سے زیادہ ہندوستان سے آنے والی پروازوں کے تھے جبکہ اسی طرح کیسز پاکستان سے آنے والوں میں بھی سامنے آرہے ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ ’یہ بہت زیادہ تعداد ہے، ہندوستان میں کیسز کی موجودہ صورتحال کو دیکھا جائے تو یہ پابندی بالکل درست ہے جبکہ ہمارے سائنسدان اور محققین خطے میں کیسز کی شرح کا جائزہ لے رہے ہیں‘۔

ہیلتھ کینیڈا کے اعداد و شمار میں ٹورنٹو اور وینکوور جانے والی دہلی سے 18 اور لاہور سے دو پروازوں میں کم از کم ایک مسافر میں بیماری کی تشخیص ہوئی۔کینیڈا نے گزشتہ دسمبر میں کووڈ کے مختلف اقسام کے پھیلاؤ کے خدشات پر برطانیہ سے پروازوں کو مختصر طور پر معطل کردیا تھا۔


قبل ازیں جمعرات کو پارلیمنٹ نے متفقہ طور پر قرار داد منظور کی تھی جس میں حکومت سے ہندوستان اور برازیل سمیت کورونا ہاٹ اسپاٹس سے غیر ضروری پروازوں پر پابندی لگانے کی درخواست کی گئی تھی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا میں پہلے ہی ہندوستان میں سامنے آنے والے وائرس کی اقسام کے درجنوں کیسز سامنے آچکے ہیں۔

کینیڈا جانے والے تمام مسافروں کو پہلے ہی 14 روز قرنطینہ میں گزارنے کے پابند ہیں جبکہ بین الاقوامی پرواز میں سوار ہونے سے قبل انہیں ایک منفی کورونا ٹیسٹ پیش کرنا ہوتا ہے جبکہ دوسرا منفی ٹیسٹ کینیڈا پہنچنے پر پیش کرنا ہوتا ہے۔


انفیکشن کی تیسری لہر کے دوران کینیڈا میں گزشتہ روز 9 ہزار نئے کورونا کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 11 لاکھ 51 ہزار 276 ہوگئی جبکہ وائرس سے اب تک ملک میں 23 ہزار 812 اموات بھی ہوچکی ہیں۔واضح رہے کہ ہندوستان میں وائرس کے پھیلاؤ میں شدید تیزی دیکھی جارہی ہے جہاں کیسز 3 لاکھ سے زائد رپورٹ کیے گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔