یوسف حمید کی خدمات کا کیمبرج یونیورسٹی نے کیا اعتراف، شعبہ کیمسٹری ان کے نام سے منسوب

ڈاکٹر حمید اس مشہور تعلیمی ادارے سے فارغ التحصیل ہیں، انہوں نے یونیورسٹی کو خاص تعاون دیا ہے تاکہ کیمبرج یونیورسٹی کا شعبہ کیمسٹری تعلیمی اور تحقیقی دونوں اعتبار سے دنیا میں اولین مقام برقرار رہے۔

سپلا کے چیئرمین یوسف حمید /  Getty Images
سپلا کے چیئرمین یوسف حمید / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

لندن: برطانیہ کی مایہ ناز کیمبرج یونیورسٹی نے ہندوستان کی مقبول دواساز کمپنی سپلا کے چیئرمین اور ہندوستانی سائنسدان ڈاکٹر یوسف حمید کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے شعبہ کیمسٹری ان کے نام سے منسوب کر دیا ہے۔ یوسف حمید سپلا کے نان ایگزیکیوٹیو چیئرمین ہیں اور کیمبرج یونیورسٹی کا شعبہ کیمسٹری سال 2050 تک ان کے نام سے منسوب رہے گا۔

ڈاکٹر حمید دنیا میں اس مشہور تعلیمی ادارے سے فارغ التحصیل ہیں اور اپنی یونیورسٹی کو خاص تعاون دیا ہے تاکہ کیمبرج یونیورسٹی کے شعبہ کیمسٹری کا تعلیمی اور تحقیقی دونوں اعتبار سے دنیا میں اولین مقام برقرار رہے۔ ڈاکٹر حمید نے یونیورسٹی میں ایک نیا اسکالرشپ پروگرام شروع کیا ہے جس کا مقصد دنیا کے ماہر محققین اور ڈاکٹریٹ کے طلباء کو کیمسٹری کی طرف راغب کرنا ہے۔


کیمبرج یونیورسٹی کے شعبہ کیمسٹری کا نام اب ’یوسف حمید ڈیپارٹمنٹ آف کیمسٹری‘ کر دیا گیا ہے۔ اس کامیابی کے بعد ڈاکٹر یوسف حمید نے نے کہا، ’’کیمبرج نے میری کیمسٹری کی تعلیم کی بنیاد فراہم کی اور مجھے یہ درس دیا کہ زندگی کو کس طرح گزارا جائے اور کس طرح معاشرہ کی خدمات انجام دی جائیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’ایک اسکالرشپ اسٹوڈنٹ ہونے کے ناطہ میں طلبا کی آئندہ نسلوں کی خدمت کر پا رہا ہوں اور اس کے لئے میں خود کو خوش قسمت تصور کرتا ہوں۔ میں اس عظیم تعلیمی ادارے کی ہمیشہ خدمات کی کوشش کروں گا اور اس کے لئے صف اول میں موجود رہوں گا۔‘‘


ڈاکٹر حمید گزشتہ 66 سالوں سے لگاتار برطانیہ کی یونیورسٹی سے جڑے ہوئے ہیں اور شعبہ کیمسٹری کا تعاون کرتے رہے ہیں۔ سال 2018 میں انہیں ’یوسف حمید 1702 چیئر‘ کے نام سے پہچانی جانے والی کیمسٹری کی دنیا کی سب سے قدیم اکیڈمک چیئر سے نوازا گیا تھا۔ حمید نے جب کیمبرج سے گریجویشن اور پی ایچ ڈی مکمل کی تھی اس وقت یہ چیئر ان کے استاد، سپروائیزر اور نوبل انعام یافتہ الکزینڈر ٹوڈ کے پاس تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔