چنئی سے دوبئی جانے والی ’انڈیگو فلائٹ‘ کو بم سے اڑانے کی دھمکی، فون کرنے والا گرفتار

دھمکی ملنے کے بعد فلائٹ کی پوری تلاشی لی گئی اور ایک ایک مسافر کی چھان بین کی گئی، کہیں پر کسی بھی بم کے ہونے کا پتہ نہیں چلا، یہ فون نامعلوم نمبر سے پولیس کنٹرول روم کو کیا گیا تھا۔

انڈیگو، تصویر آئی اے این ایس
انڈیگو، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہفتہ کے روز صبح 7.30 بجے جب انڈیگو فلائٹ چنئی سے دوبئی کے لیے روانہ ہونے والی تھی، ٹھیک اس سے پہلے طیارہ کو بم سے اڑانے کی دھمکی والا فون موصول ہوا۔ اس فون سے زبردست افرا تفری پھیل گئی، لیکن کہیں کوئی بم نہیں ملا۔ اس ہنگامہ کی وجہ سے انڈیگو کی مذکورہ فلائٹ تقریباً 6 گھنٹے تاخیر سے اڑی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دھمکی بھرا کال جس نے کیا تھا اس کا کہنا تھا کہ فلائٹ میں بم رکھا گیا ہے اور طیارہ کو وہ اڑانے والا ہے۔

جس طیارہ کو اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی اس کا پرواز نمبر 6ای-65 تھا۔ اس طیارے میں تقریباً 170 لوگ سوار تھے۔ دھمکی ملنے کے بعد فلائٹ کی پوری تلاشی لی گئی اور ایک ایک مسافر کی چھان بین کی گئی۔ کہیں پر کسی بھی بم کے ہونے کا پتہ نہیں چلا۔ یہ فون نامعلوم نمبر سے پولیس کنٹرول روم کو کیا گیا تھا۔ پولیس نے جب فون کرنے والے کا پتہ لگایا تو حیرت انگیز بات سامنے آئی کہ دھمکی دینے والا شخص نشے میں ڈوبا ہوا تھا۔ پولیس کی پوچھ تاچھ میں اس شخص نے بتایا کہ وہ اپنے کنبہ کے اراکین کو ملک سے باہر جانے سے روکنا چاہتا تھا، اس لیے اس نے فون کیا تھا۔ وہ چنئی کا ہی رہنے والا ہے اور اس کے گھر والے آج صبح ہی فلائٹ سے دوبئی جا رہے تھے اور وہ انھیں جانے نہیں دینا چاہتا تھا۔ پولیس نے اس شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔