اودھ میں آفت کی بارش، کہیں بجلی گری اور کہیں دیوار، 6 افراد ہلاک، کئی علاقوں کے لیے الرٹ جاری

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق عام طور پر اکتوبر میں اتر پردیش میں معمول کے مطابق برسات 11.8 ملی میٹر ممکنہ تھی، لیکن 38.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔

بارش کے بعد کا منظر
بارش کے بعد کا منظر
user

قومی آوازبیورو

اودھ کے سبھی اضلاع میں لگاتار دو دنوں سے ہو رہی بارش کے سبب کئی حادثات پیش آئے۔ ان حادثات میں اب تک 6 افراد کی موت کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ شراوستی میں سیلاب کے دوران بچاؤ و راحت کام میں لگی ایک کشتی بھی غرق ہو گئی جس کے بعد لیکھ پال لاپتہ ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رائے بریلی کی گداگنج کے متولی پور کی سروری بانو کی موت گھر کی پختہ چھت منہدم ہونے اور ملبہ میں دب جانے کی وجہ سے ہو گئی۔ شیوگڑھ کے سکت پور مجرہ بسنت پور کے دکھی کی پڑوسی کی دیوار منہدم ہونے سے موت ہو گئی۔ بارہ بنکی میں بجلی گرنے سے ایک خاتون کی موت ہو گئی، جب کہ ایودھیا کے تھانہ مہراج گنج میں چھپر پر درخت گرنے سے 12 سالہ بچی ہلاک ہو گئی۔ علاوہ ازیں سلطان پور کے کڑوار میں بجلی گرنے سے 22 سالہ پونم کی موت ہو گئی اور بہرائچ میں گائے گھاٹ میں ایک کسان سریو ندی میں بہہ گیا۔


دراصل اتر پردیش میں گزشتہ کچھ ہفتوں سے مختلف علاقوں میں بارش نے زبردست تباہی مچا رکھی ہے۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق عام طور پر اکتوبر میں معمول کے مطابق برسات 11.8 ملی میٹر ممکنہ تھی، لیکن 38.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔ برسات کو لے کر سب سے زیادہ خطرناک حالات بہرائچ، شراوستی، گونڈا، بلرام پور، سدھارتھ نگر اور آس پاس کے علاقوں کے لیے ہیں۔ ان علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بارابنکی، بستی، بجنور، مراد آباد، رامپور، پیلی بھیت، شاہجہاں پور، لکھیم پور کھیری اور آس پاس کے علاقوں کے لیے آرینج الرٹ جاری کرتے ہوئے یہاں بہت زیادہ بارش کے آثار ظاہر کیے گئے ہیں۔ اسی طرح لکھنؤ سمیت مشرقی یوپی کے اضلاع کے لیے زوردار بارش کی تنبیہ دیتے ہوئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مقامی موسمیاتی سائنس سنٹر کے ڈائریکٹر جے پی گپتا کے مطابق ابھی 8 اکتوبر تک بارش کے آثار ہیں اور اس بار دیوالی میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔