بچوں کے جنسی استحصال پر سزائے موت کو منظوری

مرکزی کابینہ نے بچوں اور نوعمروں کے ساتھ جنسی استحصال کے مجرموں کو سزائے موت دینے سے متعلق ترمیم کو آج منظوری دے دی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: معصوم بچیوں کو جنسی زیادتی کا شکار بنانے والوں کی اب خیر نہیں ہے۔ معصوموں کے تئیں جرائم کو روکنے کے لئے مرکزی حکومت نے پوکسو ایکٹ میں ترمیم کو منظوری دے دی ہے۔ جمعہ کو ہوئی کابینہ میٹنگ کے دوران قانون کو سخت کرتے ہوئے اس میں سزائے موت دینے کو منظوری دی گئی ہے۔

وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں یہاں ہوئی مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں پوکسو ایکٹ، 2012 میں ترمیم کی تجویز کو منظوری دی گئی۔ بچوں اور نوعمروں کو جنسی جرائم سے بچانے کے لئے 2012 میں پوکسو قانون بنایا گیا تھا۔ اس میں 18برس سے کم عمر کے نوعمراور بچے کے جنسی استحصال کے قصوروار کو سخت سزا کا التزام کیا گیا تھا۔

فیصلہ پر معلومات دیتے ہوئے مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے کہا کہ مرکزی کابینہ نے پوکسو ایکٹ کے تحت سزائے موت کو ہری جھنڈی دے دی ہے۔ اس کے تحت 12 سال سے کم عمر کی بچیوں کے ساتھ عصمت دری کرنے والوں اور قتل جیسے سنگین جرائم کو انجام دینے والے مجرموں کو سزائے موت دی جائے گی۔

ملک میں بچوں کے جنسی استحصال کے بڑھتے واقعات پر لگام لگانے کے مقصد سے یہ ترمیم کی گئی ہے۔ مجرموں کو سزا دینے کے لئے پوکسو قانون 2012کی دفعہ 4,5, 6, 9, 14, 15اور 42میں ترمیم کی گئی ہے ۔ دفعہ 4,5اور 6میں ترمیم کرکے اب یہ التزام کیا گیا ہے کہ جنسی استحصال کے بربر معاملات میں اب مجرم کو سزا ئے موت بھی دی جاسکے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔