ٹرمپ کے دورۂ ہند سے پہلے ’سی سی ایس‘ نے ملٹی رول ہیلی کاپٹر معاہدہ کو دی منظوری

ہندوستان میں سیکورٹی معاملوں کی کابینہ کمیٹی نے بحریہ کے لیے 24 ملٹی رول ہیلی کاپٹر معاہدہ کو منظوری دے دی۔ حکومت ہند اسٹریٹجک بنیاد پر کافی اہم اس ہیلی کاپٹر کی خریداری امریکہ سے کرے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا ہندوستان دورہ 24 فروری سے شروع ہونے والا ہے جو 25 فروری تک چلے گا۔ دورہ سے قبل ہی ٹرمپ نے میڈیا سے بات چیت کے دوران واضح لفظوں میں کہہ دیا تھا کہ وہ تجارتی معاملوں میں کوئی بڑا معاہدہ ہندوستان سے نہیں کرنے والے کیونکہ اس شعبہ میں ہندوستان کا رویہ امریکہ سے متعلق ٹھیک نہیں رہا۔ لیکن سیکورٹی معاملوں میں ہندوستان نے ایک بڑا فیصلہ لیا ہے۔ 19 فروری کو ہندوستان میں سیکورٹی معاملوں کی کابینہ کمیٹی (سی سی ایس) نے بحریہ کے لیے 24 ملٹی رول ہیلی کاپٹر معاہدہ کو منظوری دے دی۔ حکومت ہند اسٹریٹجک بنیاد پر کافی اہم اس ہیلی کاپٹر کی خریداری امریکہ سے کرے گی۔ ٹرمپ کے ہندوستان دورہ کے دوران اس معاہدہ پر مہر لگ سکتی ہے۔ یہ ہیلی کاپٹر بحرہی کے جنگی بیڑے میں شامل کیے جائیں گے جو آبدوز پر حملے کے لیے اسلحوں سے لیس ہوں گے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ، ان کی بیوی میلانیا اور امریکی انتظامیہ کے اعلیٰ سطحی وفد کے استقبال کے لیے نئی دہلی، آگرہ اور احمد آباد میں زور و شور سے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ ٹرمپ اور ان کی بیوی احمد آباد سے اپنا دیرینہ دورۂ ہند شرو عکریں گے جہاں وہ نوتعمیر موٹیرا کرکٹ اسٹیڈیم میں ’نمستے ٹرمپ‘ پروگرام میں حصہ لیں گے۔ اس تقریب مین وزیر اعظم نریندر مودی بھی موجود رہیں گے۔ ٹرمپ کے اسی دورے کے دوران ہیلی کاپٹر معاہدہ کو ہری جھنڈی دیے جانے کی امید ہے۔


خصوصی ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق آفیشیل طور پر دفاع، تجارت اور اسٹریٹجک امور کو آگے بڑھانے کے مقصد سے صدر ٹرمپ کے تقریباً 36 گھنٹے کے دورہ کے دوران ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تقریباً 2.5 ارب ڈالر کے 24 بحریہ ہیلی کاپٹروں کی خریداری کا معاہدہ ہو سکتا ہے۔ جہاں تک تجارتی معاہدوں کی بات ہے تو، ذرائع نے کہا ہے کہ حکومت ہند کو اس سلسلے میں کوئی جلدی نہیں ہے کیونکہ اس کے دور رس نتائج ہوں گے، جب کہ حکومت چھوٹی مدت کے لیے کوئی فیصلہ لینے کے حق میں نہیں ہے۔

بہر حال، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملٹی رول ہیلی کاپٹر معاہدہ کے تحت ہندوستان 24 ایم ایچ-60 آر کے لیے شروعاتی 15 فیصد قسط کی ادائیگی کرے گا۔ معاہدہ ہونے کے بعد ہیلی کاپٹر کی پہلی کھیپ 2 سال میں آئے گی۔ سبھی ہیلی کاپٹر 2 سے 5 سال میں ہندوستان کو مل جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی دونوں ممالک کے درمیان انٹیگریٹیڈ ائیر ڈیفنس ویپن سسٹم خریدنے پر بھی بات چیت ہو سکتی ہے۔ اسے دہلی کو بے حد محفوظ بنانے کے لیے خریدنے کا منصوبہ ہے۔ حالانکہ اس معاہدہ میں کچھ پیچیدگیاں نظر آ رہی ہیں کیونکہ یہ معاہدہ تقریباً 9 ہزار کروڑ روپے کا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔