مظلوموں کی امیدگاہ ’جمعیۃ علماء ہند‘ ہمیں انصاف دلائے، آفتاب کے اہل خانہ کی درخواست

ہمارے پاس آڈیو ہے کہ ان لوگوں نے ہمارے والد کو جے شری رام بولنے پر مجبور کیا، اسے کسی بھی لوٹ مار یا عام قتل کے زمرے میں نہیں رکھا جاسکتا، یہ سراسر مذہب کی بنیاد پر نفرت کی وجہ سے ہوا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا بشکریہ کبیر نیوز
تصویر سوشل میڈیا بشکریہ کبیر نیوز
user

یو این آئی

ہیٹ کرائم کے مبینہ طور سے شکار ہوئے کیب ڈرائیو ر آفتاب عالم کے اہل خانہ کی درخواست پر جمعیۃ علمائے ہند نے عدالت میں مقدمہ کی پیروی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اطلاع آج یہاں جاری ایک ریلیز میں دی گئی۔

وفد نے لگاتار دوسرے دن آج ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور اس سلسلے میں آفتاب کے والدین اورلڑکوں نے جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کے نام ایک تحریری درخواست دی ہے کہ بے قصوروں اور مظلوموں کی امیدگاہ ’جمعیۃ علماء ہند‘ ان کو انصاف دلائے۔ جمعیۃ علماء ہند کے وفد نے ترلوک پوری دہلی میں ان کے غم زدہ اہل خانہ سے ملاقات کی اور اس پورے واقعہ کی تفصیل حاصل کی، غم زدہ خاندان میں بیمار والدین اور چھوٹے چھوٹے بچے ہیں، جن کی کفالت کی ذمہ داری آفتا ب عالم پر تھی۔


مرحوم آفتا ب کے والد طاہر حسین، صاحبزادے محمد صابر،محمد شاہد اور محمد ساجد نے بتایا کہ ان کے والد اپنے کسی جاننے والے کو لے کر گروگرام سے بلند شہر بذریعہ کیب چھوڑنے گئے تھے، واپسی میں انھوں نے کچھ مسافرو ں کو گاڑی میں بیٹھا لیا تھا، انھوں نے ہی ان کے والد کو مارا ہے، ہمارے پاس آڈیو ہے کہ ان لوگوں نے ان کے والد کو جے شری رام بولنے پر مجبور کیا اور شراب پینے کی دعوت دی، اسے کسی بھی لوٹ مار یا عام قتل کے زمرے میں نہیں رکھا جاسکتا، یہ سراسر مذہب کی بنیاد پر نفرت کی وجہ سے ہوا ہے، صابر نے کہا کہ ان کے والد ہیٹ کرائم کے شکار ہو ئے ہیں، ہماراصر ف ایک مقصد ہے کہ انصا ف ملے۔

اس سلسلے میں جمعےۃ علماء ہند کے وفد نے بادل پور تھانہ یوپی میں جا کرپولس افسران سے ملاقات کی اور انصاف کے تقاضے یا د دلائے۔ جمعےۃ کے وفد نے کہا کہ پولس اسے لوٹ مار یا مجرمانہ اعمال سے جوڑ کر خود سے فیصلہ کا رخ ہرگز نہ بدلے بلکہ ہیٹ کرائم ا ور مذہبی شدت پسندی کے معاملے کو اپنی تحقیق کے دائر ے میں لائے۔جب آڈیو میں ایک بات صاف سنائی دے رہی ہے تو پولس خود سے ہی معاملے کو خاص رخ پر کیسے پیش کر سکتی ہے۔بہر حال جمعےۃ علماء ہند نے مرحوم آفتاب عالم اور ان کے اہل خانہ کو انصاف دلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفد میں شریک جمعےۃ علماء ہند کے وکیل ایڈوکیٹ شمیم اختر نے پورے ریکارڈس جمع کیے ہیں اور ایک نتیجہ پر پہنچ مقدمہ کی پیروی کریں گے۔


جمعےۃعلماء ہند کے وفد میں مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعےۃ علماء ہند، مولانا داؤد امینی نائب صدر جمعےۃ علماء صوبہ دہلی، مولانا قاری مصطفی دادری، مولانا غیو ر احمد قاسمی، ایڈوکیٹ شمیم اختر، مولانا سعد جمعےۃ یوتھ کلب وغیرہ شریک تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔