چار ریاستوں کی پانچ اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخاب، ووٹنگ جاری، سکیورٹی کے سخت انتظامات

کیرالا، پنجاب، مغربی بنگال اور گجرات کی پانچ اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہے، تین طرفہ مقابلے اور سخت سکیورٹی کے درمیان رائے دہندگان اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان کی چار ریاستوں کی پانچ اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے جمعرات کی صبح سات بجے سے ووٹنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے، جو شام چھ بجے تک جاری رہے گا۔ ان نشستوں پر ضمنی انتخابات کا انعقاد سابقہ اراکین اسمبلی کے انتقال یا استعفے کے باعث کیا جا رہا ہے۔

کیرالہ، پنجاب، مغربی بنگال اور گجرات کی نشستوں پر ہو رہے ان انتخابات میں بی جے پی، کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے درمیان کئی جگہوں پر سخت اور سہ رخی مقابلہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ووٹنگ کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے پختہ انتظامات کیے گئے ہیں۔

گجرات کی کڈی اسمبلی نشست بی جے پی کے رکن اسمبلی کرسن بھائی پنجاب بھائی سولنکی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ بی جے پی نے اس نشست پر راجندر چاوڑا کو امیدوار بنایا ہے، کانگریس نے رمیش چاوڑا کو میدان میں اتارا ہے جبکہ عام آدمی پارٹی نے جگدیش چاوڑا کو ٹکٹ دیا ہے۔ تینوں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی امید ہے۔

دوسری طرف وساودر سیٹ پر ضمنی انتخاب اس وقت لازم ہوا جب سابق رکن اسمبلی بھوپندر بھائی بھایانی نے عام آدمی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس سیٹ پر بی جے پی نے کیرت پٹیل، کانگریس نے نتن رنپریا اور عام آدمی پارٹی نے گوپال اٹاليا کو میدان میں اتارا ہے۔ یہاں بھی سہ رخی مقابلے کی امید ہے۔


مغربی بنگال کی کالی گنج نشست پر ٹی ایم سی کے رکن اسمبلی نصیر الدین احمد کے انتقال کے بعد ضمنی انتخاب ہو رہا ہے۔ ترنمول کانگریس نے نصیرالدین کی بیٹی علیفہ احمد کو امیدوار بنایا ہے اور انہیں خواتین اور اقلیتی ووٹروں کی حمایت ملنے کی امید ہے۔ بی جے پی نے مقامی لیڈر آشیش گھوش اور کانگریس-لیفٹ اتحاد نے قابل الدین شیخ کو امیدوار بنایا ہے۔

کیرالہ کی نیلمبور اسمبلی سیٹ پر پی وی انور کے استعفے کے بعد ضمنی انتخاب ہو رہا ہے۔ یہ سیٹ بائیں محاذ کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے اور یہاں بھی بڑا مقابلہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

پنجاب کی لدھیانہ ویسٹ اسمبلی سیٹ پر عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے گروپریت بسّی گوگی کے انتقال کے بعد ضمنی انتخاب ہو رہا ہے۔ عام آدمی پارٹی نے ریاست سبھا ممبر سنجیو اروڑا کو امیدوار بنایا ہے۔ ان کا مقابلہ کانگریس کے بھارت بھوشن آشو، بی جے پی کے جیون گپتا اور شرومنی اکالی دل کے پاروپکار سنگھ گھمن سے ہے۔ واضح رہے کہ ان پانچوں نشستوں کے ووٹوں کی گنتی 23 جون کو کی جائے گی اور اسی دن نتائج کا اعلان ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔