جی ایس ٹی کی شرح میں اضافہ کرکے حکومت نے لوٹ مار کا نیا طریقہ نکالا: کانگریس

سرجے والا کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کی تیاری جی ایس ٹی کی شرح 5 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کرنے کی ہے اور وہ عوام کی جیبیں کاٹنے کا نیا طریقہ نکال رہی ہے۔

کانگریس لیڈر آر ایس سرجے والا/ تصویر یو این آئی
کانگریس لیڈر آر ایس سرجے والا/ تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت ہر حال میں عام آدمی کو لوٹنے میں لگی ہوئی ہے اور اب وہ ضروری استعمال کے سامان پر گڈز اینڈ سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) میں اضافہ کرکے ایک نئے طریقے سے عام آدمی کو لوٹنے کی تیاری کر رہی ہے۔ کانگریس کے کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے پیر کو کہا کہ حکومت نے عام استعمال کی کئی اشیاء پر جی ایس ٹی بڑھانے کی تیاری کی ہے اور اس سے وہ عوام سے 1.5 لاکھ کروڑ روپے وصول کرے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کی تیاری جی ایس ٹی کی شرح 5 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کرنے کی ہے اور وہ عوام کی جیبیں کاٹنے کا نیا طریقہ نکال رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت جن اشیاء پر جی ایس ٹی پانچ فیصد سے بڑھا کر آٹھ فیصد کرنے کی تیاری کر رہی ہے ان میں مصالحہ جات، چپاتی، تیل، چائے، کافی، چینی، مٹھائیاں، کوئلہ، بائیو گیس، کسان کی کھاد، جان بچانے والی ادویات، ایک ہزار روپے قیمت کے جوتے۔ چپل، اگربتی، بزرگوں کی چھڑی، سماعت کے آلات، نابینا افراد کے لیے گھڑیاں، قالین وغیرہ شامل ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ملک میں مہنگائی نئے ریکارڈ بنا رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق مارچ میں ہول سیل مہنگائی 14.55 فیصد تک پہنچ گئی ہے اور عام آدمی کی زندگی مہنگائی کی دلدل کی وجہ سے مسلسل مشکل ہوتی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔