یوپی، مغربی بنگال اور جھارکھنڈ سمیت 6 ریاستوں کی 7 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخاب کا اعلان، ووٹنگ 5 ستمبر کو

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ یوپی کی گھوسی، اتراکھنڈ کی باگیشور، مغربی بنگال کی دھوپگڑی، جھارکھنڈ کی ڈمری، کیرالہ کی پوتھوپلی، تریپورہ کی باکسانگر اور دھن پور اسمبلی سیٹ پر 5 ستمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن
user

قومی آوازبیورو

الیکشن کمیشن نے ہندوستان کی 6 ریاستوں کی 7 اسمبلی سیٹوں پر انتخاب کے لیے تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق اتر پردیش، مغربی بنگال، کیرالہ، جھارکھنڈ اور اتراکھنڈ کی 1-1 سیٹ کے علاوہ تریپورہ کی 2 اسمبلی سیٹوں کے لیے 5 ستمبر کو ووٹنگ کا عمل انجام پائے گا۔ ان سبھی سیٹوں کے نتائج کا اعلان 8 ستمبر کو ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ اتر پردیش کی گھوسی، اتراکھنڈ کی باگیشور، مغربی بنگال کی دھوپگڑی، جھارکھنڈ کی ڈمری، کیرالہ کی پوتھوپلی، تریپورہ کی باکسانگر اور دھن پور سیٹ پر 5 ستمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے یہ بھی جانکاری دی کہ ڈمری سیٹ پر ضمنی انتخاب جگرناتھ مہتو کی موت کے سبب کرایا جا رہا ہے۔ کیرالہ کی پوتھوپلی سیٹ سے منتخب لیڈر اومن چانڈی کا بھی گزشتہ دنوں انتقال ہو گیا تھا جس سے یہ سیٹ خالی ہو گئی۔ اسی طرح اتراکھنڈ کی باگیشور سیٹ پر انتخاب چندن کمار داس کی موت ہونے اور بنگال کی دھوپگڑی سیٹ پر انتخاب وشنوپد رے کی موت ہونے کے پیش نظر کرائے جا رہے ہیں۔


اتر پردیش کی گھوسی سیٹ پر ضمنی انتخاب اس لیے کرایا جا رہا ہے کیونکہ اس سیٹ سے منتخب دارا سنگھ چوہان نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اسی طرح تریپورہ کی دھنپور سیٹ سے پرتیما بھومک نے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کی وجہ سے یہ سیٹ خالی ہو گئی تھی۔ تریپورہ کی دوسری اسمبلی سیٹ باکسا نگر پر الیکشن کرانے کی وجہ شمس الحق کا انتقال ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی میدان میں اترنے والے امیدوار 17 اگست تک پرچہ نامزدگی بھر سکتے ہیں۔ اس کی جانچ 18 اگست کو ہوگی اور امیدوار اپنا پرچہ نامزدگی 21 اگست تک واپس لے سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔