ضمنی انتخاب نتائج: 3 لوک سبھا اور 7 اسمبلی سیٹوں کے لیے گنتی شروع؛ سنگرور، رام پور اور اعظم گڑھ پر سب کی نظر

دہلی اور 3 ریاستوں کی 7 اسمبلی سیٹوں اور 2 ریاستوں کی 3 لوک سبھا سیٹوں پر 23 جون کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج کا اعلان آج ہوگا، ووٹوں کی گنتی صبح 8 بجے سے سخت سیکورٹی کے درمیان شروع ہو گئی

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

دہلی اور 3 ریاستوں کی 7 اسمبلی سیٹوں اور 2 ریاستوں کی 3 لوک سبھا سیٹوں پر 23 جون کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج کا اعلان آج ہوگا، ووٹوں کی گنتی صبح 8 بجے سے سخت سیکورٹی کے درمیان شروع ہو گئی۔ ضمنی انتخاببات میں تریپورہ کے وزیر اعلی مانک ساہا اور دیگر کا سیاسی مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔ ووٹوں کی گنتی کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

تریپورہ میں سب سے زیادہ چار سیٹیں ہیں جہاں ضمنی انتخابات میں ووٹ ڈالے گئے ہیں۔ ان سیٹوں میں اگرتلا، جبراج نگر، سورما اور ٹاؤن باردووالی شامل ہیں۔ ٹاؤن باردووالی سے اپنی قسمت آزما رہے ساہا کو وزیر اعلی بنے رہنے کے لیے یہ الیکشن جیتنا ضروری ہے۔ وہ راجیہ سبھا کے رکن ہیں جنہوں نے گزشتہ ماہ بپلب دیب کے اچانک استعفیٰ دینے کے بعد ریاست کے وزیر اعلیٰ کے طور پر عہدے اور رازداری کا حلف لیا تھا۔ اس شمال مشرقی ریاست میں جمعرات کو ہونے والی پولنگ میں سب سے زیادہ ووٹروں کی تعداد یعنی 76.62 فیصد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ہے۔


اتر پردیش کے رام پور اور اعظم گڑھ اور پنجاب کے سنگرور لوک سبھا حلقوں میں بھی ضمنی انتخابات ہوئے اور ان سیٹوں پر بھی 23 جون کو ووٹ ڈالے گئے۔ دیگر ریاستوں میں جہاں اسمبلی کے لیے ضمنی انتخابات ہوئے ہیں ان میں راجندر نگر راجدھانی دہلی، جھارکھنڈ کے رانچی ضلع میں مانڈر اور آندھرا پردیش کی آتماکورو سیٹ شامل ہیں۔

اتر پردیش میں لوک سبھا کی دونوں سیٹوں پر ضمنی انتخابات کرانے کی ضرورت اس لیے پیش آئی کیونکہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں ایس پی سربراہ اکھلیش یادو اور پارٹی لیڈر اعظم خان منتخب ہو گئے ہیں۔ اس کے بعد دونوں لیڈروں نے بالترتیب اعظم گڑھ اور رام پور سے ممبران اسمبلی کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا۔


رام پور لوک سبھا سیٹ سے بھارتیہ جنتا پارٹی نے گھنشیام سنگھ لودھی کو میدان میں اتارا ہے، جو حال ہی میں پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔ ایس پی نے عاصم رضا کو میدان میں اتارا ہے جو اعظم خان کے پسندیدہ امیدوار ہیں۔ ریاست کی سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی کی قیادت والی بی ایس پی نے اس سیٹ سے اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیا ہے۔ ریاست کی اعظم گڑھ سیٹ پر سہ رخی مقابلہ ہے، جہاں سے بی جے پی نے مشہور بھوجپوری اداکار دنیش لال یادو 'نرہوا' کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ نرہوا کا مقابلہ ایس پی کے دھرمیندر یادو اور بی ایس پی کے شاہ عالم عرف گڈو جمالی سے ہے۔

ادھر پنجاب کے سنگرور لوک سبھا سیٹ سے ایم پی بھگونت مان کے استعفیٰ کی وجہ سے یہاں ضمنی الیکشن کرانے کی ضرورت پڑی۔ مان کو اس سال ریاست میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں منتخب قرار دیا گیا تھا، جو ریاست کے وزیر اعلیٰ بن گئے۔ مان 2014 اور 2019 میں اس سیٹ سے ایم پی منتخب ہوئے تھے۔

اسمبلی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی کے بعد یہ ضمنی انتخاب ریاست میں حکمراں عام آدمی پارٹی کے لیے مقبولیت کا امتحان ثابت ہوگا۔ یہ انتخاب ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب اپوزیشن پارٹیاں ریاست کے ’بدتر‘ امن و امان اور کانگریس لیڈر اور گلوکار سدھو موسی والا کے قتل پر حکمراں عام آدمی پارٹی پر حملہ کر رہی ہیں۔


جھارکھنڈ کے منڈار اسمبلی حلقہ سے ایم ایل اے بندھو تِرکی کے نااہل ہونے کے بعد یہاں ضمنی الیکشن کرانے کی ضرورت پڑی۔ سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کی خصوصی عدالت نے 28 مارچ کو ٹرکی کو بدعنوانی کے ایک معاملے میں تین سال قید کی سزا سنائی تھی۔ کانگریس نے اس سیٹ سے ٹرکی کی بیٹی شلپی نیہا ترکی کو میدان میں اتارا ہے۔ شلپی نیہا کانگریس-جے ایم ایم کی مشترکہ امیدوار ہیں۔ بی جے پی نے سابق ایم ایل اے گنگوترا کجور کو میدان میں اتارا ہے۔ آر جے ڈی بھی جھارکھنڈ میں حکمران اتحاد کا ایک حصہ ہے۔ آزاد امیدوار دیو کمار دھن بھی میدان میں ہیں، جنہیں اسد الدین اویسی کی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کی حمایت حاصل ہے۔

دہلی کی راجندر نگر اسمبلی سیٹ پر اصل مقابلہ عام آدمی پارٹی کے درگیش پاٹھک اور بی جے پی کے راجیش بھاٹیہ کے درمیان ہے۔ بھاٹیہ اس علاقے سے کونسلر ہیں۔ کانگریس نے یہاں سے پریم لتا کو میدان میں اتارا ہے۔ راجندر نگر کے ایم ایل اے راگھو چڈھا کے استعفیٰ کے بعد یہاں ضمنی الیکشن کرانے کی ضرورت پڑی، جو راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔

آندھرا پردیش میں وزیر صنعت ایم گوتم ریڈی کی موت کے بعد یہاں انتخابات کرانے کی ضرورت محسوس ہوئی ہے۔ ریڈی کے انوج وکرم ریڈی حکمراں وائی ایس آر کانگریس کے امیدوار ہیں جن کا مقابلہ بی جے پی کے جی بھرت کمار یادو سے ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔