وجے مالیا نے مودی حکومت پر لگائے سنگین الزامات، کہا ’مجھے پوسٹر بوائے بنایا گیا‘

مشہور کاروباری وجے مالیا نے لندن میں ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ انھوں نے دو سال قبل نریندر مودی اور ارون جیٹلی کو خط لکھ کر اپنی بات رکھی لیکن آج تک ان کا کوئی جواب حاصل نہیں ہوا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مشہور و معروف شراب کاروباری اور اس وقت ملک سے فرار وجے مالیا نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات سے متعلق پہلی بار خاموشی توڑتے ہوئے مودی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ وجے مالیا کا کہنا ہے کہ ان پر جھوٹے الزامات عائد کیے گئے ہیں اور بینک ڈیفالٹر کے پوسٹر بوائے کی شکل میں ان کا غلط استعمال کیا گیا ہے۔ مالیا نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ بینکوں کا قرض ادا کرنے کے لیے انھوں نے ہر ممکن کوشش کی اور اس سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ساتھ مرکزی وزیر مالیات ارون جیٹلی کو بھی خط لکھا، لیکن دونوں کی طرف سے آج تک کوئی جواب نہیں ملا۔

وجے مالیا نے یہ باتیں اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر پانچ صفحات پر مبنی ایک خط پوسٹ کر کے کہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جب وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر ارون جیٹلی کے ذریعہ خط کا کوئی جواب نہیں ملا تو اس خط کو سب کے سامنے پیش کرنے کا فیصلہ لیا۔ برطانیہ میں وجے مالیا نے اس سلسلے میں ایک بیان بھی جاری کیا جس میں انھوں نے کہا کہ ’’میں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر مالیات دونوں کو 15 اپریل 2016 کو خط لکھا تھا اور اب میں چیزوں کو صحیح ضمن میں پیش کرنے کے لیے ان خطوط کو برسرعام کر رہا ہوں۔‘‘ اس بیان کو وجے مالیا نے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا ہے۔

وجے مالیا نے اپنے بیان میں واضح لفظوں میں کہا ہے کہ وہ بینکوں کا بقایہ واپس کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں لیکن اسے بینکوں کو دھوکہ دینے والوں کے ’پوسٹر بوائے‘ کی شکل میں پیش کیا جا رہا ہے۔ مالیہ کا کہنا ہے کہ ’’میرا نام آتے ہی لوگوں کی ناراضگی بڑھ جاتی ہے۔ میں عزت کے ساتھ کہتا ہوں کہ میں نے سرکاری بینکوں کے بقائے واپس کرنے کی پوری کوشش کی ہے۔ اگر سیاست سے متاثر کوئی فیکٹر اس میں شامل ہوتا ہے تو میں کچھ بھی نہیں کہہ سکتا ہوں۔‘‘ وجے مالیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان پر میڈیا اور لیڈروں نے اس طرح کا الزام لگایا کہ وہ 9 ہزار کروڑ چرا کر بھاگ گئے، جب کہ یہ قرض کنگ فشر ائیر لائنس کو دیا گیا تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’قرض دینے والے کچھ بینکوں نے بھی مجھ پر وِل فُل ڈیفالٹر جیسا تمغہ لگا دیا۔‘‘

مرکز کی مودی حکومت پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے مالیہ نے کہا کہ ’’حکومت کے حکم کے بعد ہی مجھ پر الزامات عائد کیے گئے۔ سی بی آئی اور ای ڈی کی چارج شیٹ میں بے بنیاد الزام عائد کیے گئے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی وجے مالیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’’ای ڈی نے میری اور میری فیملی کی 13900 کروڑ کی ملکیت کا محاصرہ کر لیا ہے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ مالیہ اس وقت لندن میں ہیں اور کئی طرح کے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔ مرکزی حکومت بھی لگاتار یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ وہ وجے مالیا کو ہندوستان لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، لیکن جس طرح سے وجے مالیا نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر مالیات ارون جیٹلی کو خط لکھے جانے کی بات کہی ہے، اس پورے معاملے میں مرکزی حکومت کی شبیہ بھی داغدار ہوتی ہوئی معلوم ہو رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔