ہماچل میں بمپر ووٹنگ! تمام چیلنجوں کے درمیان پہاڑی ریاست میں 75 فیصد ووٹنگ

ہماچل پردیش کے اسمبلی حلقہ دون میں سب سے زیادہ ووٹر ٹرن آؤٹ 85.2 فیصد رہا، جبکہ شملہ اربن میں سب سے کم 62.53 فیصد رہا۔ ووٹنگ کے معاملے میں ضلع سرمور سرفہرست رہا

ہماچل ووٹنگ / ٹوئٹر
ہماچل ووٹنگ / ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

شملہ: پہاڑی ریاست ہونے کے باوجود ہماچل پردیش کا ووٹنگ فیصد بہت سی ریاستوں سے بہتر ہے۔ اس بار اسمبلی انتخابات 2022 کے ووٹنگ کے عمل میں تقریباً 75 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔ ہماچل پردیش میں 68 اسمبلی حلقوں کے انتخابات میں لوگوں نے بڑی تعداد میں حصہ لیا۔ تاہم بیلٹ پیپر کے ذریعے ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی ابھی باقی ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ ووٹ فیصد 77 تک پہنچ سکتا ہے۔

دون اسمبلی حلقہ میں سب سے زیادہ 85.2 ووٹنگ فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ سب سے کم 62.53 فیصد شملہ اربن میں ریکارڈ کی گئی۔ ووٹنگ کے لحاظ سے سرمور ضلع سرفہرست رہا، جہاں 78.00 فیصد ووٹنگ ہوئی اور سب سے کم ووٹ کانگڑا ضلع میں 71.05 فیصد ڈالے گئے۔ ہماچل پردیش میں 2017 کے اسمبلی انتخابات میں 75.57 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی تھی۔


گزشتہ روز (12 نومبر) ہونے والی ووٹنگ کے دوران مختلف قسم کی تصاویر منظر عام پر آئیں۔ اونچائی والے علاقوں میں ووٹر برف سے ڈھکی سڑکوں کو عبور کرتے ہوئے پولنگ بوتھ تک پہنچ رہے تھے۔ صبح کے وقت شدید سردی کے درمیان ووٹنگ کی رفتار کم رہی تاہم سورج نکلتے ہی لوگ بھی گھروں سے باہر نکلنے لگے۔ اس بار کے اعداد و شمار پچھلے سالوں کے ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔