’جلد ہی بنگلورو-حیدر آباد-امراوتی-چنئی میں دوڑتی نظر آئیں گی بلیٹ ٹرینیں‘، تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کا دعویٰ
وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا کہ یہ صرف بلیٹ ٹرینوں تک محدود نہیں ہے، حکومت ریاست میں گرین فیلڈ ہائی وے کی تعمیر کو بھی ترجیح دے رہی ہے، جو سڑک ٹرانسپورٹیشن کو ایک نئی سطح پر لے جائے گا۔

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے یکم دسمبر کو ایک اہم جانکاری ریاستی باشندوں کو دی۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت نے مرکز کو بنگلورو-حیدر آباد، حیدر آباد-امراوتی اور امراوتی-چنئی روٹ پر بلیٹ ٹرین منصوبوں کو منظوری دلانے کے لیے راضی کر لیا ہے۔ یہ دعویٰ جنوبی ہند کے بنیادی ڈھانچہ کو بدلنے والے دیرینہ منصوبہ کا حصہ ہے، جس کا مقصد علاقائی معاشی مراکز کو تیزی سے جوڑنا ہے۔
وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا کہ یہ صرف بلیٹ ٹرینوں تک محدود نہیں ہے۔ ان کی حکومت ریاست میں گرین فیلڈ ہائی وے کی تعمیر کو بھی ترجیح دے رہی ہے، جو سڑک ٹرانسپورٹیشن کو ایک نئی سطح پر لے جائے گا۔ یہ شاہراہ نہ صرف سفر کا وقت کم کریں گے بلکہ تجارت اور کاروبار کو بھی فروغ دیں گے۔ اس کے ساتھ ہی مچھلی پٹنم بندرگاہ کے رابطہ کو بڑھانے پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔ یہ قدم آندھرا پردیش کے اس ساحلی شہر کو جنوبی ہند کے لاجسٹکس نیٹورک سے جوڑنے میں مدد کرے گا۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’ہمارا مقابلہ آندھرا پردیش اور کرناٹک جیسی پڑوسی ریاستوں کے ساتھ نہیں بلکہ چین، جاپان، جرمنی، سنگاپور اور جنوبی کوریا جیسے ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ ہے۔‘‘ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ منصوبے اگر حقیقی شکل اختیار کرتے ہیں تو جنوبی ہند کی معاشی رفتار میں تبدیلی دیکھنے کو ملے گی اور تلنگانہ کو ملک کی سب سے ترقی پذیر ریاستوں کی فہرست میں کھڑا کر دیں گے۔ حالانکہ بلیٹ ٹرین پروجیکٹ ابھی تجویز کے مرحلہ میں ہے اور اس پر وسیع ڈی پی آر (ڈیٹیل پروجیکٹ رپورٹ) اور مالیاتی منظوری کا انتظار ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔