کالندی کنج میں 5 مئی اور شاہین باغ میں 9 مئی کو چلے گا بلڈوزر، تجاوزات ہٹاؤ مہم شروع

10 مئی کو نیو فرینڈس کالونی کے گرودوارہ روڈ پر بودھ دھرم مندر کے پاس اور جواہر لال نہرو میٹرو اسٹیشن کے آس پاس تجاوزات ہٹاؤ مہم چلے گی۔

بلڈوزر، تصویر آئی اے این ایس
بلڈوزر، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

دہلی کے سنگم وِہار علاقہ واقع کرنی سنگھ شوٹنگ رینج کے پاس آج جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ تجاوزات ہٹانے کے لیے مہم چلائی گئی۔ اس دوران علاقے میں موجود 5-4 ریہڑی پٹری پر لگائی گئی کچھ دکانوں کو ایم سی ڈی نے ہٹا دیا۔ بدھ کے روز سے شروع ہوئی یہ بلڈوزر کارروائی آئندہ 13 مئی تک چلنے والی ہے۔ روزانہ الگ الگ مقامات پر یہ کارروائی ہوگی اور میڈیا رپورٹس کے مطابق 5 مئی یعنی جمعرات کے روز کالندی کنج علاقہ میں، اور 9 مئی کو شاہین باغ علاقہ میں تجاوزات ہٹانے کے لیے بلڈوزر چلایا جائے گا۔

آج ایم بی روڈ پر کرنی سنگھ شوٹنگ رینج کے آس پاس سے جب تجاوزات ہٹایا گیا تو اس سے متاثر کئی دکانداروں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ 20-15 سالوں سے ان کی اسی جگہ پر دکان چل رہی ہے، لیکن پہلے کبھی اس طرح کی توڑ پھوڑ ایم سی ڈی نے نہیں کی۔ آج اچانک پہنچے اور سب توڑ کر چلے گئے۔ ان لوگوں کا الزام ہے کہ پہلے جب ایم سی ڈی والے آتے تھے تو پیسے لے کر چلے جاتے تھے۔ تب ان کو تجاوزات نظر نہیں آیا، اور آج اچانک اسے تجاوزات کا حصہ بتا کر ہٹا دیا گیا۔


بہر حال، 5 مئی سے 13 مئی تک تجاوزات ہٹانے کے لیے جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن نے تاریخ وار جو پروگرام بنایا ہے وہ اس طرح ہے:

  • 5 مئی کو کالندی کنج مین روڈ پر کالندی کنج پارک سے جامعہ نگر پولیس اسٹیشن تک تجاوزات ہٹاؤ مہم چلے گی۔

  • 6 مئی کو شرینواس پوری پرائیویٹ کالونی سے اوکھلا ریلوے اسٹیشن گاندھی کیمپ تک موجود تجاوزات کو ہٹایا جائے گا۔

  • 9 مئی کو شاہین باغ مین روڈ (جی بلاک) اور جسولہ کنال سے کالندی کنج پارک تک تجاوزات ہٹایا جانا ہے۔

  • 10 مئی کو نیو فرینڈس کالونی کے گرودوارہ روڈ پر بودھ دھرم مندر کے پاس اور جواہر لال نہرو میٹرو اسٹیشن کے آس پاس تجاوزات ہٹاؤ مہم چلے گی۔

  • 11 مئی کو لودی کالونی کے مہر چند مارکیٹ، سائیں بابا مندر کے پاس اور جواہر لال نہرو میٹرو اسٹیشن کے آس پاس یہ ڈرائیو چلے گی۔

  • 12 مئی کو دھیرسین مارگ، اسکان مندر روڈ، کالکا دیوی مارگ اور اس کے آس پاس کے حصے میں بلڈوزر چل سکتا ہے۔

  • 13 مئی کو کھڈا کالونی اور اس کے آس پاس میونسپل کارپوریشن تجاوزات ہٹانے کی کارروائی کرے گا۔

بتایا جاتا ہے کہ میونسپل کارپوریشن نے یہ پورا خاکہ دہلی پولیس کو بھی بھیج دیا ہے اور پولیس سے اس کارروائی کے دوران اضافی پولیس فورس کا مطالبہ بھی کیا ہے تاکہ اس دوران کسی طرح کا ہنگامہ نہ ہو۔ حالانکہ اس سے پہلے بھی شاہین باغ اور سریتا وِہار علاقے میں تجاوزات ہٹانے کی کارروائی شروع ہونی تھی، لیکن تب دہلی پولیس نے یہ کہہ کر اضافی فورس دینے سے انکار کر دیا تھا کہ انھیں اس کے لیے کم از کم 10 دن پہلے اطلاع دینی ہوگی۔


اس پورے معاملے میں جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر مکیش سوریان نے کہا کہ یہ معمول کے مطابق چلنے والی مہم ہے۔ اس طرح کی کارروائی پہلے بھی کی جاتی رہی ہے۔ اس دوران خاص طور پر ریہڑی-پٹری اور دکانوں کے باہر والے تجاوزات کے حصے کو ہٹایا جانا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */