وارانسی میں مختلف مقامات پر بلڈوزر کارروائی، 100 سے زائد مکان اور دکان منہدم

محکمہ تعمیرات عامہ کے ذریعہ بڑے پیمانے پر تجاوزات ہٹانے کی مہم چلائی جا رہی ہے۔ کارروائی کے دوران پورے علاقے میں بجلی سپلائی بند کر دی گئی تھی۔

بلڈوزر کی علامتی تصویر
بلڈوزر کی علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

وارانسی: مڈوواڈیہہ چوراہے و چاند پور علاقے میں اتوار کو محکمہ تعمیرات عامہ کے ذریعہ بڑے پیمانے پر تجاوزات ہٹانے کی مہم چلائی گئی۔ اس مہم کے تحت محکمہ کی دو جے سی بی مشینوں نے غیر قانونی تعمیر کے معاملے میں کئی مکانوں اور دکانوں کو زمیں دوز کر دیا۔ یہ کارروائی محکمہ تعمیرات عامہ کے انجینئر جتیندر سنگھ، جے ای پون ترپاٹھی، جے ای سنجے نارائن اور جے ای ہیمنت سنگھ کی موجودگی میں انجام دی گئی۔

پی ڈبلیو ڈی کی ٹیم نے بتایا کہ یہ مہم چوراہے کے جنوبی حصے تک چلے گی۔ جن مکان مالکان کو معاوضہ دیا جا چکا ہے لیکن انہوں نے اب تک اپنی تعمیر نہیں ہٹائی ہے، ان کے خلاف یہ کارروائی کی گئی ہے۔ اس دوران تحفظاتی وجوہات کی وجہ سے پورے علاقے میں بجلی سپلائی بند کر دی گئی تھی اور کسی بھی طرح کے ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے کثیر تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے۔

دوپہر میں 12 بجے چوراہے کے پاس جے سی بی مشینوں نے چوڑی کاری کی زد میں آئے دکان، مکان کی انہدامی کارروائی شروع کی۔ اس کے بعد ٹیم چاند پور علاقے میں پہنچی اور دستہ نے 100 سے زیادہ دکان و مکان کو توڑ دیا۔ اس دوران کچھ مقامی لوگوں نے احتجاج کرنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے کسی طرح انہیں قابو میں کیا۔


اتوار ہونے کی وجہ سے علاقے میں آمد و رفت کم تھی لیکن کچھ وقت کے لیے معمولی جام کی حالت بن گئی۔ یہ مہم دوپہر 12 بجے سے لے کر شام 6 بجے تک چلی۔ اس دوران مڑولی چوکی انچارج راہل سنگھ، منڈوواڈیہہ قصبہ انچارج امت سنگھ، لہر تارا چوکی انچارج پون کمار سمیت کافی تعداد میں پولیس اہلکار موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔