بلند شہر واقعہ کی مجسٹریٹ جانچ کا حکم، اپوزیشن کا یوگی حکومت پر نشانہ

بلند شہر کے سیانا میں مبینہ طور پر گئو باقیات ملنے کے بعد ہوئی آگزنی اور پتھراؤ کی مجسٹریٹ جانچ کی ہدایت دی گئی ہے، ادھر اس واقعہ کو لے کر اپوزیشن جماعتوں نے یوگی حکومت پر نشانہ لگایا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بلند شہر: اترپردیش کے ضلع بلند شہر کے سیانا علاقے کے گاؤں چنگراوٹھی میں مبینہ طور پر گئو باقیات ملنے کے بعد ہوئی آگزنی اور پتھراؤ کی مجسٹریٹ جانچ کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس جھڑپ کے دوران سیانا کے کوتوالی انچارج انسپکٹر سبودھ کمار کی موت واقع ہوئی ہے۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ انوج کمار جھا نے پیر کی شام یہاں یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایاکہ اڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (اے ڈی ایم نظم و نسق) اروند کمار مشرا کو جانچ مجسٹریٹ نامزد کیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ مبینہ طور پر گئو باقیات ملنے کے بعد ہوئے پولس اور گئو رکشکوں کے درمیان جھڑپ میں سیانا کے انچارج انسپکٹر سبودھ کمار کی موت ہوئی ہے۔ پہلے خبر یہ تھی کہ سبودھ کمار کو گولی لگی ہے لیکن بعد میں اے ڈی جی نے کہا کہ ان کی موت سر میں پتھر لگنے سے ہوئی ہے۔ ادھر چنگراوٹھی کے باشندہ سمت ( 27) کی پولس کی گولی لگنے سے موت ہوگئی ہے۔ شرپسند عناصر نے پولس چوکی پر پتھراؤ اور آگ زنی کی۔ انہوں نے ریجنل پولیس افسر، انسپکٹر کی جیپ کے علاوہ دیگر دو پہیہ گاڑیوں کو آگ کے حوالے کردیا ہے۔

مبینہ گئو رکشکوں اور پولس کے درمیان ہوئی خونی جھڑپ میں پولس افسر سمیت دو لوگوں کے موت کے معاملے میں کانگریس اور سماجوادی (ایس پی) نے سخت تبصرے کا اظہار کیا ہے۔

سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے موجودہ بی جے پی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ریاست کی بدحال نظم و نسق کا اسے واضح مثال اور کیا ہوسکتا ہے کہ تھانے اور پولیس اہلکار کو نشانہ بنایا جارہا ہے، وہیں کانگریس نے اسے مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی نااہلی کا یہ جیتا جاگتا ثبوت ہے جس سے ریاستی حکومت کے انتظام وانصرام کے سلسلے میں ناکامی پر مسلسل اٹھائےجارہے سوالوں کی تصدیق ہوتی ہے۔

کانگریس ترجمان ڈاکٹر اوما شنکر پانڈے نے جاری بیان میں کہا کہ سیانا علاقے میں جس طرح سے شرپسند عناصر نے تھانے میں گھس کر پتھر بازی، آگ زنی کے ساتھ پولیس انسپکٹر کا قتل کیا ہے وہ سخت قابل مذمت ہے۔ ساتھ ہی یہ قابل مذمت واقعہ ریاستی حکومت کی نااہلی کو ثابت کرتاہے نیز کانگریس کے ذریعہ ریاست کے نظم ونسق کےسلسلسے میں حکومت کی ناکامیوں پر لگاتار اٹھائے جا رہے سوالوں پر مہر ثبت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بلند شہر کے ذریعہ یہ بتایا جانا کہ یہ فساد غیر قانونی سلاٹر ہاوس کی وجہ سےہوا ہے بے حد تعجب خیز ہے۔ کیونکہ اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے 2017 میں ریاست کے انتخابات کے وقت ہی یہ اعلان کیا تھا کہ اقتدار میں آتے ہی 24 گھنٹے میں سبھی غیر قانونی سلاٹر ہاوسوں پر تالا لگ جائےگا۔ پھر یہ غیر قانونی طور پر کیسے چل رہا تھا۔

سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے بلند شہر کے واقعہ کو مایوس کن بتاتے ہوئے سیانا تھانہ انچارج انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کے اہل خانہ کے تئیں اہنی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں خوف و دہشت کا ماحول بن گیا ہے۔ ریاست کی بی جے پی حکومت کے اقتدار میں تھانے بھی محفوظ نہیں رہ گئے ہیں۔ پولیس انسپکٹر کا قتل اس بات کا ثبوت ہے کہ اترپردیش میں پوری طرح سے جنگل راج آ گیا ہے۔ لوٹ، قتل، عصمت دری کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہورہاہے ریاستی حکومت کا نظم و نسق پر کوئی کنٹرول نہیں رہ گیا ہے۔

ایس پی سربراہ نے کہا کہ بی جے پی نفرت کی سیاست کر ہری ہے جس کی وجہ سے ریاست میں سماجی اہم آہنگی اور آپسی بھائی چارہ کو کوئی سخت نقصان پہنچ رہا ہے۔ بی جے پی کا ایجنڈا سماج کو تقسیم کرنے کا ہے، 20 مہینے بعد ہی بی جے پی میعاد کار میں جان ومال کے تحفظ کی کوئی گارنٹی نہیں رہ گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Dec 2018, 9:09 PM