بلند شہر: ضلع مجسٹریٹ نے سنایا بی جے پی امیدوار کو نظربند کرنے کا حکم

یو پی کی بلند شہر لوک سبھا سیٹ پر دوسرے مرحلے میں ووٹنگ جاری ہے۔ اس درمیان بی جے پی امیدوار بھولا سنگھ نے ای وی ایم کے پاس جانے کی کوشش کی جس پر ڈی ایم نے ان کے خلاف بڑی کارروائی کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے بلند شہر سے رکن پارلیمنٹ اور بی جے پی امیدوار بھولا سنگھ کو ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے زبردست جھٹکا لگا ہے۔ دراصل آج وہ دوسرے مرحلے کے دوران ہو رہی ووٹنگ کے پیش نظر ایک بوتھ پر گئے اور ووٹروں کو لبھانے کی کوشش کی۔ اس درمیان وہ ای وی ایم کے نزدیک جانے کی بھی کوشش کرنے لگے لیکن وہاں موجود سیکورٹی اہلکاروں نے روک لیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق بھولا سنگھ کی سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ ’تو تو میں میں‘ بھی ہو گئی۔ پورے واقعہ کی خبر جب ضلع مجسٹریٹ ابھے سنگھ کو ملی تو انھوں نے فوری طور پر بھولا سنگھ کے کسی بھی پولنگ بوتھ پر جانے پر پابندی عائد کر دی اور انھیں نظر بند کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

https://twitter.com/TanushreePande/status/1118760318308511744

موصولہ خبروں کے مطابق نظر بندی کا نوٹس جاری کیے جانے کے بعد ضلع مجسٹریٹ اور ایس ڈی ایم کی ٹیم بھولا سنگھ کو نظر بند کرنے کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ نے اس سلسلے میں میڈیا کو بتایا کہ کوئی بھی امیدوار بوتھ پر جا سکتا ہے، وہاں کے ماحول کا جائزہ لے سکتا ہے، یہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں ہے۔ لیکن ای وی ایم کی طرف جانا اور اسے دیکھنا ضابطے کے خلاف ہے۔

ہندی نیوز ویب سائٹ ’امر اجالا‘ نے جب پورے واقعہ کے تعلق سے بھولا سنگھ سے بات کی تو انھوں نے بتایا کہ ’’لوگ ووٹ ڈال کر باہر آ رہے تھے اور مودی-مودی کے نعرے لگا رہے تھے۔ اس عمل پر میں نے ان کا شکریہ ادا کیا اور اس میں کوئی غلط بات نہیں ہے۔‘‘ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے مزید کہا کہ ’’میں نے کسی بھی طرح سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی۔ میں ووٹنگ روم میں انتظام دیکھنے گیا تھا، ای وی ایم کے پاس نہیں گیا تھا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔