کووڈ-19: اداکار وکی کوشل اور راج کمار راؤ کی بلڈنگ میں پڑے کورونا کے قدم

اوبرائے اسپرنگس بلڈنگ میں ایک 11 سالہ بچی کے کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد اسے سیل کر دیا ہے۔ اس بلڈنگ میں وکی کوشل اور راج کمار راؤ کے علاوہ چترانگدا اور پترلیکھا جیسی مشہور بالی ووڈ ہستیاں رہتی ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر میں کورونا کے قدم بڑھتے ہی جا رہے ہیں اور یہ وائرس امیر و غریب سبھی کو اپنے انفیکشن میں مبتلا کر رہا ہے۔ خبروں کے مطابق اب بالی ووڈ کے مشہور و معروف اداکار وکی کوشل اور راج کمار راؤ کی بلڈنگ بھی کووڈ-19 کی زد میں ہے۔ یہ دونوں اداکار ممبئی واقع اوبرائے اسپرنگس بلڈنگ میں رہتے ہیں جہاں ایک 11 سالہ بچی میں کورونا پازیٹو کی تصدیق ہوئی ہے۔

انگریزی روزنامہ 'ٹائمز آف انڈیا' میں شائع ایک خبر کے مطابق اوبرائے اسپرنگس بلڈنگ میں ایک بچی کے کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد بی ایم سی نے اس کو پوری طرح سے سیل کر دیا ہے۔ اس بلڈنگ میں وکی کوشل اور راج کمار راؤ کے علاوہ چترانگدا سنگھ اور پترلیکھا جیسی مشہور بالی ووڈ ہستیاں بھی رہتی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ جلد ہی اس پوری بلڈنگ کو سینیٹائز کیا جائے گا تاکہ وائرس کا انفیکشن کسی دوسرے صحت مند شخص تک نہ پھیلے۔


واضح رہے کہ اس سے قبل اداکارہ انکتا لوکھنڈے کی بلڈنگ میں کورونا وائرس سے متاثر مریض کے ملنے کے بعد سیل کر دیا گیا تھا۔ بلڈنگ سیل ہونے کے بعد انکتا کافی ڈر گئی تھیں۔ ایک انٹرویو کے دوران انکتا نے کہا تھا کہ وہ دراصل پورے منظرنامے کو دیکھ کر کافی خوفزدہ ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔