امت شاہ کے بیان کے خلاف بی ایس پی کا احتجاج، سکیورٹی کے سخت انتظامات
ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر سے متعلق امیت شاہ کے بیان پر ملک بھر میں احتجاج۔ یوپی میں بی ایس پی کے احتجاج کے پیش نظر سخت حفاظتی انتظامات، مایاوتی نے عوام سے شرکت کی اپیل کی

ویڈیو گریب
لکھنؤ: ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر سے متعلق مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے حالیہ بیان پر بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے منگل کو پورے اتر پردیش میں مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ یہ احتجاج بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی کی ہدایت پر کیا جا رہا ہے۔ مظاہرے پارٹی کے مقامی دفاتر، سڑکوں اور عوامی مقامات پر منعقد ہوں گے۔
مایاوتی نے تمام طبقات سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلع ہیڈکوارٹرز پر پرامن مظاہروں کو کامیاب بنائیں۔ احتجاج کے دوران حکومت کے خلاف نعرے بازی اور امت شاہ کے بیان کی مذمت کی جائے گی۔
احتجاج کے پیش نظر ریاست کے مختلف علاقوں میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور حساس مقامات پر اضافی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔ پولیس نے مظاہرین کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے ہیں، جبکہ ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے امکانات کے پیش نظر لوگوں کو متبادل راستوں کے بارے میں پیشگی معلومات حاصل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مایاوتی نے کہا کہ ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کا امت شاہ کے ذریعہ پارلیمنٹ میں کیے گئے بیان پر پورے ملک میں غصہ ہے۔ انہوں نے کانگریس کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امبیڈکر کے نام پر ووٹ حاصل کرنے میں بی جے پی اور کانگریس جیسی پارٹیاں ایک جیسی ہیں۔
مایاوتی نے مزید کہا کہ امبیڈکر کے عزت و احترام کو نقصان پہنچانے کے لیے مختلف سیاسی جماعتیں بی ایس پی کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس جدوجہد میں بی ایس پی کا ساتھ دیں اور مظاہروں کو کامیاب بنائیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔