مایاوتی کے ’ٹویٹر ہینڈل‘ کی شروعات، فالوورس کا امنڈ پڑا سیلاب

باضابطہ اعلان کے پہلے ہی دن مایاوتی کو فالو کرنے والوں کی تعداد 37 ہزار کو بھی پار کر چکی ہے جبکہ مایاوتی کی طرف سے تاحال کسی بھی رہنما یا پارٹی کے ٹوئٹر ہینڈل کو فالو نہیں کیا گیا ہے۔

مایاوتی کے ٹوئٹر ہینڈل کا اسکرین شاٹ
مایاوتی کے ٹوئٹر ہینڈل کا اسکرین شاٹ
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی)کی صدر اور اترپردیش کی سابق وزیراعلی مایاوتی نے بھی سوشل میڈیا کا راستہ اختیار کرلیا ہے۔انہوں نے اپنے اس نئے سفر کی شروعات ٹویٹر پر سوشری مایاوتی (@SushriMayawati) نام سے اکاؤنٹ بناکر کی ہے۔

بی ایس پی کی جانب سے دی گئی اطلاع کے مطابق مایاوتی نے 22 جنوری سے ٹویٹر پر اپنا اکاؤنٹ بنایا ہے۔ پارٹی نے کہا کہ مایاوتی اب اس ٹویٹر ہینڈل سے پارٹی کے سبھی پروگراموں اور سیاسی مسئلوں پر اپنی رائے پیش کریں گی۔ واضح رہے کہ مایاوتی اور بی ایس پی ابھی تک سوشل میڈیا سے دور رہے ہیں جبکہ باقی سبھی پارٹیاں عرصے سے سوشل میڈیا کا استعمال کررہی ہیں۔

یہ ٹوئٹر ہینڈل سوشری مایاوتی کے نام سے کھولا گیا ہے۔ اکاؤنٹ پروفائل میں لکھنؤ کے 9، مال ایوینیو کا پتہ دیا گیا ہے، یہاں ان کی رہائش موجود ہے علاوہ ازیں بی ایس پی کا سینٹرل کیمپ دفتر بھی یہیں سے چلایا جاتا ہے۔

حالانکہ مایاوتی کا یہ ٹوئٹر اکاؤنٹ اکتوبر 2018 کو بنایا گیا تھا لیکن بی ایس پی کی جانب سے اس کا باضابطہ طور پر اعلان اب کیا گیا ہے۔ ابھی تک ان کے ٹوئٹر ہینڈل سے محض 13 ٹوئٹ کئے گئے ہیں۔ جبکہ باضابطہ اعلان کے پہلے ہی دن اب تک ان کو 37 ہزار سے زیادہ لوگ فالو کر چکے ہیں۔ جبکہ مایاوتی کی طرف سے تاحال کسی بھی رہنما یا پارٹی کے ٹوئٹر ہینڈل کو فالو نہیں کیا گیا ہے، انہوں نے ابھی تک صرف ٹوئٹر سپورٹ کو فالو کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔