لوک سبھا انتخابات کے لئے بی آر ایس کا بی جے پی کے ساتھ خفیہ معاہدہ: ریونت ریڈی

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے دعویٰ کیا کہ بی آر ایس کے صدر کے چندر شیکھر راؤ نے اگلے ماہ ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ خفیہ معاہدہ کیا ہے

<div class="paragraphs"><p>وزیر اعلیٰ تلنگانہ اے ریونت ریڈی / آئی اے این ایس</p></div>

وزیر اعلیٰ تلنگانہ اے ریونت ریڈی / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے دعویٰ کیا کہ بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) کے صدر کے چندر شیکھر راؤ نے اگلے ماہ ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ خفیہ معاہدہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے ریاست میں لوک سبھا کی پانچ سیٹوں پر بی جے پی کی جیت کے لیے کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، اور بی آر ایس ان حلقوں میں بی جے پی کو اپنی حمایت دے رہی ہے جہاں کانگریس مضبوط ہے۔

کانگریس امیدواروں کی مہم کو تیز کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے پیر کو عادل آباد، نظام آباد اور ملکاجگیری میں 'جن جاترا' کے جلسوں سے خطاب کیا۔

ملکاجگیری میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس حلقہ کو کبھی نہیں بھول سکتے کیونکہ یہیں سے وہ 2019 میں کوڑنگل اسمبلی سیٹ پر شکست کا سامنا کرنے کے بعد لوک سبھا کے لئے منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملکاجگیری سے رکن اسمبلی منتخب ہونے کی وجہ سے وہ ریاستی کانگریس صدر بنے اور بعد میں وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز ہوئے۔


ریونت ریڈی نے کہا کہ ملکاجگیری کے لوگوں نے ان کی حمایت کی جب وہ جدوجہد کر رہے تھے اور ان سے اپیل کی کہ وہ کانگریس امیدوار سنیتا مہندر ریڈی کو بھی اسی طرح کی حمایت فراہم کریں۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے لیڈر چاڈا وینکٹا ریڈی نے بھی کانگریس کی حمایت میں جلسہ عام سے خطاب کیا۔

قبل ازیں نظام آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت 15 اگست تک کسانوں کے 2 لاکھ روپے تک کے قرضوں کو معاف کر دے گی۔ ریونت ریڈی نے یہ بھی وعدہ کیا کہ حکومت 17 ستمبر سے پہلے نظام شوگر فیکٹری کو دوبارہ کھول دے گی۔

وزیر اعلیٰ نے عوام پر زور دیا کہ وہ کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر ٹی جیون ریڈی کو بھاری اکثریت سے منتخب کریں۔ قبل ازیں عادل آباد میں پہلے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے دعویٰ کیا کہ چھ میں سے پانچ ضمانتوں پر عمل آوری کے ساتھ ہی تلنگانہ میں عوامی راج کا آغاز ہو گیا ہے۔ چھٹی ضمانت زرعی قرضوں کی معافی کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔