بہار: دولہا و دلہن نے ماسک لگا کر لئے اگنی کے ’سات پھیرے‘

ایسی ہی ایک شادی نوادہ میں اختتام پذیر ہوئی جہاں نہ باراتی آئے اور نہ ہی بینڈ باجا بجایا گیا۔ دلہن نے مہندی کے ساتھ اپنے ہاتھوں پر سینیٹائزر لگایا اور پھر دونوں نے ماسک پہن کر سات پھیروں کی رسم ادا کی

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نوادہ: لاک ڈاؤن کے دوران یوں تو متعدد شادیاں ملتوی کردی گئیں، لیکن بہت سے لوگ اب بھی شادی کے بندھن میں بندھ رہے ہیں۔ ایسی ہی ایک شادی نوادہ میں اختتام پذیر ہوئی جہاں نہ باراتی آئے اور نہ ہی بینڈ باجا بجایا گیا۔ دلہن نے مہندی کے ساتھ اپنے ہاتھوں پر سینیٹائزر لگایا اور دولہا و دلہن دونوں نے ماسک پہن کر سات پھیروں کی رسم ادا کی۔

ضلع نوادہ کے ہیسیوا بازار کالی استھان کی رہائشی شویتا کماری کی شادی شیخ پورہ ضلع کے جھنڈا چوک کے ہنومان گلی کے رہائشی گورو کمار سے طے ہوئی تھی۔ شادی کی تاریخ 14 اپریل کے بعد 15 اپریل کی رکھی گئی تھی لیکن کورونا وائرس کی مدت بڑھنے کے بعد دونوں فریق پریشانی میں پڑ گئے۔


اس کے بعد دونوں کنبوں نے لاک ڈاؤن پر عمل کرتے ہوئے شادی کروانے پر اتفاق کیا۔ دولہا نے شیخ پورہ ضلع انتظامیہ سے درخواست کی کہ وہ اس کے لئے پاس جاری کرے۔ گورو کو انتظامیہ کی طرف سے پاس جاری کر دیا گیا۔ تاہم، خود کو اور ساتھیوں کو سینیٹائز کرنے اور آنے جانے کے دوران کہیں بھی نہ ٹھہرنے کی شرط عائد کی گئی۔

کار سے دو افراد کے ساتھ دولہا کی بارات شیخ پورہ سے نوادہ پہنچی، جہاں پہلے سے تیار بیٹھی دلہن کے گھر پانچ لوگ اور ایک پنڈت کی موجودگی میں ماسک لگا کر شادی کی رسومات ادا ہوئیں۔ اس دوران، دولہا اور دلہن ایک دوسرے کو سینیٹائز بھی کرتے رہے۔ شادی کے بعد دلہن کو رخصت کر دیا گیا۔


دولہا بننے والے گورو نے کہا، ’’وزیر اعظم نے واضح طور پر کہا ہے کہ جان بھی رہے اور جہان بھی رہے۔ ہمیں ہر حال میں کرم (کام) کرنا ہے۔‘‘ لاک ڈاؤن کے دوران تمام ضوابط پر عمل کرتے ہوئے کی گئی یہ شادی علاقہ میں زیر بحث ہے۔

قابل ذکر ہے کہ بہار میں کورونا انفیکشن کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت اور انتظامیہ لاک ڈاؤن کے دوران کوئی کوتاہی برتنا نہیں چاہتی۔ بہار میں کورونا وائرس کے انفیکشن میں مبتلا مریضوں کی تعداد اب 72 تک جا پہنچی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔