برکس سمٹ: پی ایم مودی نے کی پوتن،جن پنگ اور بولسونارو سے دوطرفہ ملاقات

پی ایم مودی کی پہلی ملاقات ولادیمیر پوتن سے ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے پی ایم کے ولاديووستك دورہ کے بعد ہندوستان روس تعلقات میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

برازيليا: وزیر اعظم نریندر مودی نے 11 ویں برکس سمٹ سے پہلے یہاں روس کے صدر ولادیمیر پوٹن، چین کے صدر شی جن پنگ اور برازیل کے صدر جائر میسس بولسونارو سے الگ الگ دو طرفہ بات چیت کی۔

وزارت خارجہ کے مطابق پی ایم مودی کی پہلی ملاقات پوٹن سے ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے وزیر اعظم کے ولاديووستك دورہ کے بعد ہندوستان روس تعلقات میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔ دونوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ 2025 تک باہمی تجارت 25 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف پہلے ہی حاصل ہو چکا ہے۔ انہوں نے طے کیا کہ اگلے سال پہلے دو علاقائی فورم کا انعقاد کیا جائے گا جس میں علاقے کی شراکت اور باہمی پارٹنرشپ ہوگی۔ دونوں رہنماؤں نے پٹرولیم اور قدرتی گیس، سول نیوکلیئر توانائی، ریلوے اور دفاع کے شعبہ میں تعاون میں اضافہ پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ پوٹن نے وزیر اعظم کو اگلے سال روس کے یوم فتح کے موقع پر ماسكو آنے کے لئے مدعو کیا۔


مودی کی دوسری ملاقات برازیل کے صدر بولسونارو سے ہوئی جس میں مودی نے ان کو اگلے سال 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور شامل ہونے کے لئے دعو ت دی جسے بولسونارو نے قبول کر لیا۔ دونوں رہنماؤں نے ہندوستان اور برازیل کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو وسیع کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے زرعی سامان، جانوروں کے پالنے، فصل ہونے کے بعد کام آنے والی ٹیکنالوجی اور بائیو ایندھن بنانے کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔


برازیل کے صدر نے کہا کہ ان کے ساتھ ایک بڑا کاروباری وفد بھی ہندوستان آئے گا۔ مودی نے برازیل آنے والے ہندوستانی شہریوں کو ویزا سے چھوٹ دئیے جانے کے فیصلے کے لئے بولسونارو کا شکریہ ادا کیا۔


چین کے صدر سے ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے چنئی میں دوسری غیر رسمی سربراہی مذاکرات کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور نئی تجارت اور اقتصادی معاملات پر اعلی سطحی اجلاس جلد ہی منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے عالمی تجارتی تنظیم، برکس اور علاقائی مجموعی اقتصادی شراکت (آرسیپ) کے بارے میں بھی اہم تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ہندوستان اور چین کے سرحدی مسئلہ پر خصوصی نمائندے سطح کی بات چیت آگے بڑھانے اور جلد ہی اگلا اجلاس منعقد کرنے کے لئے بھی رضامندی کا اظہار کیا۔


Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔