یوگی کے پارلیمانی حلقے میں 60بچے جان بحق
آکسی جن کی سپلائی کرنے والی کمپنی کا تعلق گجرات سے ہے جس کو کئی ماہ سے سپلائی کی پیمنٹ نہیں ہوئی تھی جس کی وجہ سے کمپنی نے آکسیجن کی سپلائی بند کر دی تھی جس کو ان اموات کی وجہ مانا جا رہا ہے۔

گورکھپور: اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے پارلیمانی حلقہ گورکھپور میں واقع بی آر ڈی اسپتال سے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 30 بچوں کی موت کی خبر آئی ہے اور کل ملا کر گزشتہ 5دنوں کے دوران 60 بچوں کے مارے جانے کی خبر ہے۔ اس خبر کے بعد گورکھپور حلقے میں خوف کا ماحول ہے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق ؕگورکپور کے بابا رگواڈس میڈیکل کالج (بی آر ڈی) کے آئی سی یو اور انسیفیلائٹس وارڈ میں آکسی جن کی سپلائی ٹھپ ہونے سے ان بچوں کی موت ہوئی ہے۔ واضح رہے یہ اموات اس حلقے میں ہوئی ہیں جہاں کے عوامی نمائندے خود وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ ہیں ۔ خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق گورکھپور کے بی آر ڈی اسپتال میں گردن توڑ بخار کی وجہ سے کئی بچے اسپتال میں داخل تھے۔ گورکھپور سمیت مشرقی اتر پردیش کے کئی علاقے گردن توڑ بخار سے متاثر ہیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں یوگی آدتیہ ناتھ نے اس اسپتال کا دورہ کیا تھا۔ان کے اس دورہ کے بعد بھی ایسا واقعہ ہونا اتر پردیش حکومت کی کارکردگی پر سوال کھڑے کرتا ہے ا۔اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے ایک چینل سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کل یعنی 10 اگست کو 23 بچوں اور آج 7 بچوں کی موت ہوئی ہے۔ یہ اموات آئی سی یو میں ہوئی ہیں۔ اس ڈاکٹر کا مزید کہنا ہے کہ جاپانی بخار سے8 سے 12 بچے روزانہ جان بحق ہو رہے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق آکسی یجن سپلائی کرنے والی کمپنی کی 68 لاکھ سے زیادہ کی رقم بقایا تھی اور کمپنی نے خبردار کیا کہ اگر رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی تو وہ سپلائی بند کر دیں گے۔ پھر بھی رقم ادا نہیں کی گئی جس کی وجہ سے کمپنی نے سپلائی بند کر دی۔ ایک انگریزی اخبار کے مطابق یوگی آدتیہ ناتھ کے پارلیمانی حلقے گورکھپور میں اس سال اب تک انسیفیلائٹس کی وجہ سے 114بچوں کی موت ہو چکی ہے۔

وہیں گورکھپور بی آر ڈی اسپتال میں گزشتہ 5 دنوں میں60 بچوں کی اموات پر ریاستی حکومت کی طرف سے وضاحت جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی شخص کی موت آکسیجن کی کمی کی وجہ سے نہیں ہوئی ہے۔ مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ میڈیا میں اس حوالے سے جو خبریں چل رہیں ہیں وہ گمراہ کرنے والی ہیں۔ اتر پردیش کے وزیر صحت سدھارتھ ناتھ سنگھ کا کہنا ہےکہ سرکار لاپرواہی کا پتہ لگانے کے لئے جانچ کرائے گی۔ وزیر موصوف نے یہ تو قبول کیا ہے کہ گزشتہ 5دنوں کے اندر 60بچوں کی موت ہوئی ہے لیکن آکسیجن کی کمی سے کوئی موت نہیں ہوئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 11 Aug 2017, 7:59 PM