برج بھوشن سنگھ کی خاتون صحافی کے ساتھ بدتمیزی، سواتی مالیوال نے کہا- ’غندہ ہے یہ آدمی، جیل میں ہونا چاہئے!‘

کل صحافی کے ساتھ ہوئے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے دہلی خواتین کمیشن کی چیئرپرسن سواتی مالیوال نے کہا کہ اس آدمی کی جگہ پارلیمنٹ میں نہیں، جیل میں ہونی چاہیے ہے۔

<div class="paragraphs"><p>برج بھوشن، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

برج بھوشن، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

جنسی ہراسانی کے الزامات کا سامنا کرنے والے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ اب ایک اور وجہ سے سرخیوں میں آگئے ہیں۔ ان کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں وہ ایک خاتون رپورٹر کے ساتھ بدتمیزی کرتے نظر آ رہے ہیں۔ اس ویڈیو میں وہ رپورٹر کو غصے میں جواب دیتے نظر آ رہے ہیں اور اس سوال جواب کے دوران خاتون رپورٹر کا مائک بھی زمین پر گر جاتا ہے۔ دہلی خواتین کمیشن کی چیئرپرسن سواتی مالیوال نے اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کیا ہے اور انہوں نے برج بھوشن شرن سنگھ کو غنڈہ قرار دیا ہے۔

انگریزی اخبار میں شائع خبر کے مطابق برج بھوشن شرن سنگھ اس وقت غصے میں آگئے جب ایک رپورٹر نے ان سے سوال کیا کہ کیا وہ دہلی پولیس کی چارج شیٹ میں جنسی ہراسانی کے الزامات کے بعد رکن پارلیمنٹ کے طور پر استعفیٰ دیں گے۔


خبر میں کہا گیا ہے کہ ایک صحافی نے سوال کیا کہ دہلی پولیس کی چارج شیٹ آپ کے خلاف دائر کی گئی ہے اور آپ پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا گیا ہے، تو کیا ایسی صورتحال میں آپ استعفیٰ دیں گے؟ اس پر برج بھوشن غصے میں آگئے اور کہا کہ میں استعفیٰ کیوں دوں، آپ مجھ سے میرے استعفے کے بارے میں کیوں پوچھ رہی ہیں۔ جب رپورٹر نے ان پر لگائے گئے الزامات کے بارے میں مزید سوالات کیے تو وہ مزید مشتعل ہو گئے اور اسے ڈپٹ دیا۔ اس کے بعد رپورٹر اپنی گاڑی کی طرف بڑھے تو بی جے پی ایم پی نے گاڑی کا گیٹ اتنی زور سے بند کیا کہ رپورٹر کا مائیک نیچے گر گیا۔

نیوز پورٹل اے بی پی پر شائع خبر کے مطابق دہلی خواتین کمیشن کی چیئرپرسن سواتی مالیوال نےاس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے برج بھوشن کو غنڈہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اگر اس میں کیمرے کے سامنے کسی عورت کے ساتھ ایسا سلوک کرنے کی ہمت ہے تو وہ کیمرے کے پیچھے خواتین کے ساتھ کیسے برتاؤ کرے گا۔ اس آدمی کی جگہ جیل میں ہے، پارلیمنٹ میں نہیں۔‘‘


واضح رہے برج بھوشن شرن سنگھ پر جنسی ہراسانی کے الزام ہیں۔ ان الزامات کی وجہ سے دہلی میں پہلوانوں نے ان کے خلاف کافی دنوں تک مظاہرہ کیااور سپریم کورٹ سے رجوع کیا جس کے بعد برج بھوشن سنگھ کے خلاف آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی۔ اگر وہ اس میں قصوروار پائے جاتے ہیں تو ان کو کئی سال کی سزا ہو سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔