بی پی ایس سی امتحان کی منسوخی پر طلباء کا احتجاج جاری، امتحان کی منسوخی سے کمیشن کا انکار

بی پی ایس سی امتحان کی منسوخی کا مطالبہ کرتے طلباء کا احتجاج جاری۔ سیاسی جماعتوں کی مطالبے کی حمایت، پولیس کارروائی پر اختلاف، امتحان کی منسوخی سے کمیشن کا انکار

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

بہار میں بی پی ایس سی کی 70ویں مشترکہ ابتدائی امتحان کی منسوخی کے مطالبے پر طلباء کا احتجاج جاری ہے۔ طلباء امتحان کے سوالات کے افشاء کے معاملے پر کمیشن کو ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں اور ان کے مطالبے کو اپوزیشن کی سیاسی حمایت بھی حاصل ہے۔

اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو، پورنیہ کے آزاد ایم پی راجیش رنجن عرف پپو یادو اور جن سوراج پارٹی نے طلباء کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے ان کے احتجاج کو جائز قرار دیا ہے۔ تاہم بدھ کو بی پی ایس سی کے دفتر کے باہر احتجاج کرنے والے طلباء پر پولیس کے لاٹھی چارج کے بعد تنازعہ مزید بڑھ گیا ہے۔

تیجسوی یادو نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ ریاست کو ایسے لوگ چلا رہے ہیں جنہیں کچھ خبر نہیں کہ بہار میں کیا ہو رہا ہے۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی اے کے رہنما نتیش کمار کی قیادت میں بی پی ایس سی طلباء پر پولیس تشدد کروا کر اسے جائز ٹھہرا رہے ہیں۔

دوسری طرف، پولیس کا کہنا ہے کہ گردنی باغ کے احتجاجی مقام کو چھوڑ کر بی پی ایس سی دفتر کے قریب ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے والے مظاہرین کو بارہا واپس جانے کی درخواست کی گئی لیکن انکار پر ہلکا زور استعمال کر کے ہٹایا گیا۔


بی پی ایس سی کمیشن نے واضح کیا کہ 13 دسمبر کو ہونے والی امتحان کی منسوخی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ صرف باپو امتحانی مرکز کے طلباء کو دوبارہ امتحان دینے کی اجازت ہوگی، جو 4 جنوری کو منعقد ہوگا۔ مزید یہ کہ 70ویں پی ٹی امتحان کے باقی امیدواروں کو اپریل 2025 میں ہونے والے امتحان کی تیاری کا مشورہ دیا گیا ہے۔

یہ معاملہ سیاسی رنگ بھی اختیار کر گیا ہے کیونکہ اپوزیشن جماعتیں اس احتجاج کو حمایت دے رہی ہیں، جبکہ حکومت اسے انتخابی چال قرار دے رہی ہے۔ بہار میں 2025 کے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اس تحریک نے سیاسی بحث کو مزید گرما دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔