پٹنہ: بی پی ایس سی دفتر کے باہر طلبہ کا مظاہرہ، پولیس کا لاٹھی چارج
پٹنہ میں بی پی ایس سی دفتر کے باہر امیدواروں نے ’ایک شفٹ، ایک پرچہ‘ کے مطالبہ پر مظاہرہ کیا۔ پولیس نے بیلی روڈ جام کرنے پر لاٹھی چارج کیا۔ افسران نے مظاہرہ غیر قانونی قرار دیا

ویڈیو گریب
پٹنہ: بہار پبلک سروس کمیشن (بی پی ایس سی) کے امیدواروں نے پٹنہ میں بی پی ایس سی دفتر کے باہر مظاہرہ کیا۔ امیدوار ’ایک شفٹ، ایک پرچہ‘ پر اصرار کر رہے ہیں اور 70ویں بی پی ایس سی ابتدائی امتحان کو سابقہ طریقے کے مطابق منظم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ مظاہرین نے بیلی روڈ کو بھی جام کر دیا، جس کے نتیجے میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا۔
پولیس کے مطابق مظاہرہ غیر قانونی تھا کیونکہ اس کی اجازت نہیں لی گئی تھی۔ بہار ڈی ایس پی انو کماری نے کہا کہ مظاہرین سے پانچ افراد کے وفد کے نام مانگے جا رہے ہیں تاکہ ان کی شکایات کو آگے پہنچایا جا سکے۔
دوسری طرف، بی پی ایس سی کے سکریٹری ستیہ پرکاش شرما نے کہا کہ نتائج کو نارملائزیشن طریقہ سے جاری نہیں کیا جائے گا اور ان کے مطابق، کمیشن کی شبیہ خراب کرنے کے لیے جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔
قبل ازیں، بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو خط لکھ کر امیدواروں کے مسائل کو اجاگر کیا تھا۔ تیجسوی یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر خط شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’میں نے بی پی ایس سی امیدواروں کے مسائل کے بارے میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو خط لکھ کر فوری حل کا مطالبہ کیا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔