ایرانی کرنسی کا سنگین بحران، ایک ڈالر کی قیمت 1.28 لاکھ ریال

ایران کرنسی کے شدید بحران سے دو چار ہے اور اس بحران کو دیکھتے ہوئے ایران کے مرکزی بینک پر دباؤ ہے کہ وہ تیل سے حاصل ہونے والی رقم کو سپورٹ کے طور پر استعمال کرے لیکن بینک تیار نہیں ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ایرانی کرنسی کو اس وقت تاریخی مندی کا سامنا ہے۔ پیر کے روز ایک ڈالر کی قیمت 1.28 لاکھ ریال تک پہنچ گئی جو گزشتہ چند ماہ کے دوران ایک نیا ریکارڈ ہے۔ ایرانی کرنسی کی قدر میں لگاتار کمی کا آغاز اُس وقت سےہوا جب امریکا نے اس سال مئی میں جوہری معاہدے سے علاحدہ ہو جانے اور ایرانی معیشت پر ایک بار پھر کڑی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا۔

ایرانی کرنسی کا سنگین بحران، ایک ڈالر کی قیمت 1.28 لاکھ ریال

ایران کے مرکزی بینک کے نئے سربراہ عبدالناصر ہمّتی نے باور کرایا ہے کہ اُن کا ملک تیل سے حاصل ہونے والی رقم اور غیر ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر کو محفوظ رکھے گا تا کہ امریکا کے ساتھ اقتصادی جنگ لڑی جا سکے۔ انہوں نے اس بات کو سختی سے کہا کہ اس شدید بحران میں بھی وہ نہیں چاہیں گے کہ گرتی کرنسی کو سپورٹ کرنے کے لئے تیل سے حاصل ہونے والی رقم اور غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر کو استعمال کریں ۔

واضح رہے تہران میں اسلامی بینکوں کے حوالے سے ہونے والے ایک سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے ہمّتی نے کہا کہ غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر کو ملکی اقتصادی رکاوٹوں کے دوران استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔

ایرانی مرکزی بینک کے گورنر کا کہنا تھا کہ "ہمیں دولت مند بچوں کی طرح نہیں رہنا چاہیے کہ کرنسی کی قدر کو سپورٹ کرنے کے لیے تیل کی آمدنی کو استعمال کر لیں"۔ ہمّتی نے تجویز پیش کی کہ "تیل کے سوا دیگر برآمدات کی آمدنی کو قومی کرنسی کی سپورٹ کے واسطے استعمال کرنا چاہیے"۔

ایرانی کرنسی کی قدر میں گراوٹ کے نتیجے میں افراطِ زر کی شرح بلند ہو گئی، بنیادی ضرورتوں کی اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں اور عوام کی قوّت خرید کمزور ہو گئی۔ دشوار معاشی حالات اور بے روزگاری میں اضافے کے سبب عوام کی جانب سے غم و غصّے سے بھرپور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

ایسے میں جب کہ عبدالناصر ہمّتی نے ایرانی کرنسی کے مسائل کو بینکنگ سیکٹر میں "عدم توازن" کے ساتھ جوڑا ہے، ایران میں ماہرین معیشت کا کہنا ہے کہ ایرانی اقتصادی نظام کے ڈھانچے کے مسائل کا تعلق بدعنوانی اور بدانتظامی سے ہے۔ علاوہ ازیں ایران تیل کی آمدنی پر انحصار کر رہا ہے جب کہ اسے پیداوار سے محرومی اور عالمی منڈیوں میں مسابقت کی قدرت نہ ہونے کا سامنا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */