ایکناتھ شندے پر تبصرہ معاملے میں کنال کامرا کو بامبے ہائی کورٹ سے راحت، گرفتاری پر روک
اسٹینڈ اپ کامیڈین کنال کامرا کو بامبے ہائی کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ عدالت نے ان کی گرفتاری پر روک لگا دی ہے۔ ایکناتھ شندے پر مبینہ تبصرے کو لے کر کامرا پر تین ایف آئی آر درج ہیں

کنال کامرا / آئی اے این ایس
ممبئی: مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کا نام لیے بغیر ان پر کی گئی مبینہ تنقید کے معاملے میں اسٹینڈ اپ کامیڈین کنال کامرا کو بامبے ہائی کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ عدالت نے ان کی گرفتاری پر روک لگا دی ہے، حالانکہ کیس کی تفتیش بدستور جاری رہے گی۔
جسٹس سارنگ کوتوال اور جسٹس ایس ایم مودک پر مشتمل ہائی کورٹ کی بنچ نے جمعرات کو یہ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے ممبئی پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ کامرا کے 'غدار' والے تبصرے کے سلسلے میں ان کے خلاف درج ایف آئی آر کے تحت فی الحال گرفتاری نہ کرے۔
ساتھ ہی عدالت نے ممبئی پولیس کو اجازت دی ہے کہ وہ چنئی میں مقیم کنال کامرا سے وہاں کی مقامی پولیس کی مدد سے تفتیش کرے اور ان کا بیان درج کرے۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ کھار پولیس اسٹیشن میں درج مقدمے میں گرفتاری سے استثنیٰ دی گئی ہے، تاہم دیگر قانونی کارروائیاں تفتیشی ایجنسی کی صوابدید پر جاری رہ سکتی ہیں۔
یہ معاملہ اس وقت منظر عام پر آیا جب کنال کامرا نے ایک سوشل میڈیا ویڈیو میں بعض سیاسی بیانات پر طنز کیا تھا۔ اگرچہ انہوں نے براہ راست کسی کا نام نہیں لیا لیکن شکایت کنندگان کا الزام ہے کہ یہ تبصرہ نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کو نشانہ بناتے ہوئے کیا گیا تھا۔
کامرا نے اس کیس میں ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی تھی، جس میں انہوں نے آئین ہند کے آرٹیکل 19 اور 21 کا حوالہ دیتے ہوئے اظہارِ رائے کی آزادی اور زندگی کے حق کا حوالہ دیا، اور اپنے خلاف درج ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کی اپیل کی۔
اس معاملے میں 8 اپریل کو پہلی بار سماعت ہوئی تھی، جس کے بعد عدالت نے کامرا کو 16 اپریل تک عارضی تحفظ فراہم کرتے ہوئے سرکاری فریق سے جواب طلب کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔