دہلی ایئرپورٹ اور ہائی کورٹ سمیت 6 مقامات پر بم کی دھمکی سے افرا تفری، جانچ ٹیمیں متعلقہ مقامات پر پہنچیں
دہلی ہائی کورٹ کو ای میل کے ذریعہ دھمکی ملی۔ یہ خبر فوراً پولیس کو دی گئی، جس کے بعد بم ناکارہ بنانے والے دستوں نے ہائی کورٹ احاطے میں تلاشی مہم شروع کر دی ہے۔

دہلی میں یوم آزادی سے عین ایک روز قبل سیکورٹی سے متعلق ایک ایسی خبر سامنے آئی ہے، جس نے سیکورٹی ایجنسیوں میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔ دراصل دہلی ہائی کورٹ سمیت راجدھانی کی 6 جگہوں پر بم کی دھمکی ملی ہے، جس سے افرا تفری مچ گئی ہے۔ اس دھمکی کے بعد سیکورٹی ایجنسیاں سرگرم ہو گئی ہیں جانچ ٹیمیں متعلقہ مقامات پر پہنچ چکی ہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی ہائی کورٹ کو ای میل کے ذریعہ دھمکی ملی۔ یہ خبر فوراً پولیس کو دی گئی، جس کے بعد بم ناکارہ بنانے والے دستوں نے ہائی کورٹ احاطے میں تلاشی مہم شروع کر دی ہے۔ اس کے علاوہ جام نگر ہاؤس، جھنڈے والان کی فلیٹیڈ بلڈنگ، ایم بی ساکیت واقع ڈی ایم دفتر، آئی جی آئی ایئرپورٹ کے ٹرمینل-3 اور دہلی کینٹ کے ایس ڈی ایم دفتر کو بھی بم کی دھمکی ملنے کی خبر سامنے آئی ہے۔ ان تمام مقامات پر متعلقہ سیکورٹی ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچ گئی ہیں۔ اب تک ہوئی تلاشی میں کسی بھی مقام سے مشتبہ چیز ملنے کی اطلاع نہیں ہے۔
دہلی ہائی کورٹ کو ملنے والی دھمکی آمیز ای میل کے بعد رجسٹرار جنرل دہلی پولیس کے رابطے میں ہیں۔ ہائی کورٹ احاطہ میں بم ناکارہ بنانے والے دستے تلاشی لے رہے ہیں اور سیکورٹی پروٹوکول کے تحت ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بم کی خبر محض افواہ ہوگی، لیکن پھر بھی کسی طرح کی لاپروائی نہ کرتے ہوئے سخت جانچ کا عمل جاری ہے۔
15 اگست کے پیش نظر دہلی سمیت ملک کے کئی حصوں میں پہلے ہی سیکورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ اہم مقامات پر پولیس اہلکاروں کی تعیناتی بڑھا دی گئی ہے۔ آمد و رفت کے راستوں پر اضافی جانچ بھی کی جا رہی ہے۔ عوامی مقامات اور بھیڑ والے علاقوں پر بھی سیکورٹی ایجنسیاں نظر رکھ رہی ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی 15 اگست کو لال قلعہ کی فصیل سے ملک کو خطاب کرنے والے ہیں، اس لیے سبھی تیاریاں اور سیکورٹی انتظامات پہلے ہی سخت کر دیے گئے ہیں۔
