ممبئی سے دہلی آ رہی انڈیگو کی فلائٹ میں بم کی دھمکی سے افرا تفری، اندرا گاندھی ہوائی اڈے پر ایمرجنسی کا اعلان
سی آئی ایس ایف اور بم اسکواڈ نے طیارے کی پوری طرح جانچ کی۔ اس دوران کسی بھی طرح کی مشتبہ چیز کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ انڈیگو کی فلائٹ 6 ای 762 میں تقریباً 200 مسافر سوار تھے۔

ممبئی سے دہلی آ رہی انڈیگو کی ایک فلائٹ کو منگل کی صبح بم سے اڑانے کی دھمکی ملنے سے افرا تفری مچ گئی۔ طیارے میں سوار مسافر کافی خوفزدہ ہو گئے۔ اس کے بعد دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فلائٹ کے لیے فُل ایمرجنسی کا اعلان کر دیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ممبئی سے تقریباً 200 مسافروں کو دہلی لے کر آ رہی انڈیگو کی فلائٹ کو دھمکی ملنے کے بعد ہنگامہ مچ گیا۔ ایئر لائن اور ایئر پورٹ سیکوریٹی ایجنسیوں نے فوراً الرٹ جاری کر دیا۔ اطلاع ملتے ہی سی آئی ایس ایف اور بم اسکواڈ نے طیارے کی پوری طرح جانچ کی۔ اس دوران مسافروں کے تحفظ کو ترجیح دیتے ہوئے انہیں محفوظ باہر نکالا گیا اور طیارے کو آئیسولیٹڈ-بے پر کھڑا کر دیا گیا۔
جانچ کے دوران ابھی کسی بھی طرح کی مشتبہ چیز کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ فی الحال دھمکی معمول کی پائی گئی ہے، جس سے یہ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ایک افواہ بھی ہو سکتی ہے۔ حالانکہ سیکوریٹی پروٹوکال کے تحت معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اس کی تفصیلی جانچ کی جا رہی ہے۔
اطلاع کے مطابق انڈیگو کی فلائٹ 6 ای 762 میں تقریباً 200 مسافر سوار تھے۔ فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ Flightradar24.com پر دستیاب جانکاری سے پتہ چلتا ہے کہ یہ طیارہ ایئر بس اے 321 نیو تھا اور صبح تقریباً 7.53 بجے محفوظ طور پر دہلی ہوائی اڈے پر اترا۔ ایئر لائنس کی طرف سے آفیشیل بیان آنا باقی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ مہینوں میں دہلی-این سی آر سمیت ملک میں کئی جگہوں پر اسکول، کالج، اسپتال اور ہوائی اڈوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں مسلسل ملتی رہی ہیں۔ حالانکہ ہر مرتبہ گہری سیکوریٹی جانچ کے بعد ان دھمکیوں کو افواہ قرار دیا گیا ہے لیکن پولیس اور تمام سیکوریٹی ایجنسیاں اب تک ان فرضی دھمکی بھیجنے والوں کا پتہ نہیں لگا سکی ہیں۔ اس واقعہ نے ایک مرتبہ پھر ہوائی سفر کی سیکوریٹی اور ہوائی اڈے پر ممکنہ خطروں سے نپٹنے کی تیاریوں پر توجہ مرکوز کر دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔