نوئیڈا میں اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی، 6 سے زائد پرائیویٹ اسکول بند، پولیس اور انتظامیہ الرٹ
نوئیڈا میں کئی نامی پرائیویٹ اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی والے ای میل موصول ہونے کے بعد چھ سے زائد اسکول بند کر دیے گئے۔ پولیس، انتظامیہ اور بم ڈسپوزل ٹیموں نے جانچ شروع کر دی ہے

قومی راجدھانی دہلی سے ملحقہ اتر پردیش کے نوئیڈا میں جمعہ، 23 جنوری 2026 کو اس وقت سنسنی پھیل گئی جب شہر کے کئی معروف پرائیویٹ اسکولوں کو بم سے اُڑانے کی دھمکی پر مشتمل ای میل موصول ہوئے۔ سکیورٹی کے پیش نظر فوری اقدامات کرتے ہوئے متعلقہ اسکول انتظامیہ نے تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دیں اور بچوں کو گھروں کو روانہ کیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس، انتظامیہ اور سکیورٹی ایجنسیاں مکمل طور پر الرٹ ہو گئیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق شیو نادر اسکول، فادر ایگنیل اسکول نوئیڈا، آرمی پبلک اسکول، شری رام ملینیم اسکول اور راماجنہ اسکول کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئے ہیں۔ ان کے علاوہ دیگر تعلیمی اداروں کو بھی اسی نوعیت کے ای میل ملنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے باعث مجموعی طور پر نوئیڈا کے چھ سے زائد اسکول متاثر ہوئے ہیں۔
راماجنہ اسکول انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ اسکول کو ای میل کے ذریعے بم کی دھمکی ملی، جس کے بعد احتیاطی طور پر اسکول بند کر دیا گیا۔ طلبہ کی محفوظ روانگی کے لیے ڈسپرسَل کا عمل فوری طور پر شروع کیا گیا۔ اسکول بسوں کو واپس روانہ کر دیا گیا جبکہ پیدل آنے والے طلبہ کے والدین سے اپیل کی گئی کہ وہ فوری طور پر اسکول پہنچ کر بچوں کو لے جائیں۔ اسکول کی جانب سے جماعت اوّل سے پنجم تک کے طلبہ کو صبح 10 بج کر 30 منٹ پر اور جماعت ششم سے دوازدہم تک کے طلبہ کو 10 بج کر 45 منٹ پر چھٹی دی گئی۔
اسکول انتظامیہ نے والدین سے اپیل کی کہ وہ گھبرائیں نہیں، کیونکہ تمام ضروری حفاظتی اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔ اسی طرح فادر ایگنیل اسکول نوئیڈا کی جانب سے جاری اطلاع میں کہا گیا کہ اسکول کو بھی بم کی دھمکی ملی ہے، جس کے پیش نظر پری اسکول کو پورے دن کے لیے بند رکھا گیا ہے۔ اسکول بس سروس معطل کر دی گئی ہے اور آن لائن کلاسز بھی منعقد نہیں کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق آرمی پبلک اسکول کو بھی اسی نوعیت کا دھمکی آمیز ای میل موصول ہوا، جس کے بعد اسکول انتظامیہ نے پولیس کو مطلع کیا اور بچوں کی سلامتی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے فوری چھٹی کا اعلان کر دیا۔ اطلاع ملتے ہی نوئیڈا پولیس، مقامی انتظامیہ اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گئے۔ اسکول کیمپس میں باریک بینی سے تلاشی لی جا رہی ہے جبکہ سائبر ٹیم ای میل کے ماخذ اور بھیجنے والے کی شناخت کے لیے تکنیکی جانچ میں مصروف ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور تاحال کسی بھی اسکول سے کوئی مشتبہ شے برآمد نہیں ہوئی ہے۔ تفتیش کا عمل جاری ہے اور عوام سے افواہوں پر دھیان نہ دینے کی اپیل کی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔